الطاف حسین کےخلاف قرارداد قبول نہیں:واسع جلیل
لندن: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے لندن میں مقیم رہنما واسع جلیل نے الطاف حسین کو ایم کیوایم اور ایم کیوایم کو الطاف حسین قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد کوقبول کرنے سے انکار کردیا۔
واسع جلیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں قومی اسمبلی میں الطاف حسین کے پاکستان مخاف بیان پر مذمتی قرارداد کو قبول نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم مائنس ون فارمولا قبول نہیں کریں گے'۔
واسع جلیل نے اپنے بیان میں کہا کہ 'الطاف حسین ایم کیوایم ہے اور ایم کیو ایم الطاف حسین ہے، ہم قومی اسمبلی میں کسی قرارداد کو قبول نہیں کریں گے'۔
واضح رہے کہ میڈیا کی خبروں کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کی قیادت پاکستان اورقومی اداروں کے خلاف بیانات دینے والے الطاف حسین سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد لانے کی تیاری کررہی ہے۔
مزید پڑھیں: ایم کیو ایم خود کو اپنے قائد سے الگ کرے،حکومتی تنبیہہ
لندن میں ہی موجود ایک اور رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ 'الطاف حسین کے بغیر کوئی ایم کیو ایم نہیں ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم اپنے پیاری ایم کیوایم کی بنیادوں کی تبدیلی کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے'۔
ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین نے 22 اگست کو کراچی پریس کلب میں اپنے کارکنوں سے خطاب میں پاکستان کے خلاف نعرے لگائے تھے اور پاکستان کو ماننے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد کارکنان مشتعل ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کے فیصلے اب پاکستان میں ہوں گے، فاروق ستار
ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پاکستان کے خلاف نعرے لگانے کے بعد نجی ٹی وی چینل پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی تھی جبکہ ہنگامہ آرائی کے کے دوران ایک شخص ہلاک اور کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔
بعد ازاں رابطے کمیٹی کے کنوینر فاروق ستار نے الطاف حسین کے بیان سے اظہارلاتعلقی کرتے ہوئے ایم کیوایم کے معاملات کراچی سے چلانے کا اعلان کیا تھا۔
تبصرے (1) بند ہیں