سڑکوں کی بہتری:ایشیائی ترقیاتی بینک قرض دینے پر راضی
اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے صوبہ سندھ میں سڑکوں کی بہتری کے منصوبے کے لیے 19 کروڑ 78 لاکھ ڈالر قرض دینے پر رضامندی ظاہر کردی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق اس سلسلے میں اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط ہوئے۔
قرض کے معاہدے پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان کے ڈائریکٹر وَرنَر ای لیپیچ اور پاکستانی حکومت کی جانب سے اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری طارق باجوہ نے دستخط کیے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحٰق ڈار کا کہنا تھا ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے یہ قرض رعایتی شرح سود پر فراہم کیا جائے گا اور اس میں سود کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہوگی۔
انہوں نے پاکستان کو اہم مواقع پر بالخصوص ٹرانسپورٹ، توانائی اور زراعت کے شعبے میں امداد فراہم کرنے پر ایشیائی ترقیاتی بینک کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیر خزانہ نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کی ترقی اور بین الصوبائی روابط کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کے پاکستان کے عزم کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ان کا کہنا تھا کہ بہتر روابط سے سندھ میں اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی، جبکہ اس منصوبے سے سندھ بالخصوص سانگھڑ، میر پور خاص، بدین اور کشمور اضلاع میں سڑکوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن میں مدد ملے گی۔
اس کے علاوہ یہ منصوبہ حکومت سندھ کے خدمات کے شعبے میں ادارتی صلاحتیوں کو بڑھانے، سڑکوں کی منصوبہ بندی اور بحالی کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر حادثات سے بچنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان کے ڈائریکٹر وَرنَر ای لیپیچ نے کہا کہ منصوبوں کی بولی کا عمل جلد شروع ہوگا اور رواں سال کے اختتام تک ان منصوبوں کی تعمیر کا آغاز ہوجائے گا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ منصوبہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔