گریاں مجموعی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند
گریاں یعنی بادام، کاجو، اخروٹ، پستہ اور دیگر کا استعمال صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے اور موٹاپے، امراض قلب، ذیابیطس اور قبل از وقت موت کا خطرہ کم کرتا ہے۔
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اخروٹ میں اومیگا تھری فیٹیس ایسڈز پائے جاتے ہیں جو دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں جبکہ یہ جسمانی ورم کے خلاف بھی موثر ثابت ہوتے ہیں۔
اسی طرح مونگ پھلی میں ایک منرل فلوٹے کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی تنزلی سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق باداموں میں کیلوریز کم جبکہ کیلشیئم کی مقدار کسی بھی گری کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہوتی ہے جو مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے، اس میں موجود فائبر اور وٹامن ای سمیت اینٹی آکسائیڈنٹس موٹاپے سے تحفظ دینے کے ساتھ ساتھ عمر بڑھے کے ساتھ پٹھوں میں آنے والی کمزوری سے بھی تحفظ دیتے ہیں۔
محققین نے مزید بتایا کہ کاجو کھانے کی عادت قدرتی طور پر بلڈ پریشر کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے جس سے فالج اور دل کے دورے جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔
کاجو میں میگنیشم اور پوٹاشیم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو انسانی جسم کے لیے درکار ضروری اجزاءہیں۔
تحقیق کے مطابق پستوں میں پروٹین کی مقدار بہت زیادہ جبکہ کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں، جو کہ بلڈ پریشر سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
یہ تحقیق طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شائع ہوئی۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔