ملازمین کے واجبات، وزرا کی تنخواہیں روکنے کا مطالبہ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان اسٹیل ملز، پاکستان مشین ٹول فیکٹری اور دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی تک وزیراعظم نواز شریف اور ان کی وفاقی کابینہ میں شامل وزراء کی تنخواہیں روکنے کا مطالبہ کر دیا۔
پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی اسد عمر اور مراد سعید کی جانب سے جمعہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ایک قرارداد جمع کرائی گئی ہے، جس میں ان کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور انکی کابینہ کے ارکان کو تنخواہوں کی ادائیگی روک دی جائے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جب تک پاکستان اسٹیل ملز، پاکستان مشین ٹول فیکٹری اور دیگر سرکاری اداروں کے ہزاروں ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جاتیں، وزیر اعظم اور کابینہ ارکان کی تنخواہیں بھی روک لی جائیں۔
پی ٹی آئی اراکین نے قرارداد میں مطالبہ کیا کہ اس ایوان (قومی اسمبلی) کو اسٹیل ملز، مشین ٹول فیکٹری اور دیگرسرکاری کارپوریشنز کے ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی پرتشویش ہے۔
مزید پڑھیں: ’غریبوں کا کام امیروں کی خدمت‘،لیگی سینیٹر کا خیال
یاد رہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کے 14 ہزار سے زائد ملازمین کو گزشتہ 4 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں ہیں۔
دوسری جانب پاکستان مشین ٹول فیکٹری اور دیگر سرکاری کارپوریشنز کے ہزاروں ملازمین بھی 4 ماہ سے تنخواہوں کے انتطار میں ہیں۔
واضح رہے کہ وزارت خزانہ نے عید سے قبل ان سرکاری اداروں کے ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوا دی ہے۔