• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کوئٹہ: فائرنگ سے سیکیورٹی اہلکار ہلاک، 3 زخمی

شائع August 26, 2016

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے سریاب روڈ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

فرنٹئیر کور (ایف سی) کے ترجمان خان واسع کا کہنا ہے کہ سریاب روڈ کے علاقے میں قائم ریلوے ٹریک پر سیکیورٹی اہلکار معمول کے سیکیورٹی گشت پر تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ایک سیکیورٹی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا جبکہ 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مزید سیکیورٹی اہلکاروں کو جائے وقوعہ پر بھیجا گیا اور انھوں نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔

پیرا ملڑی فورسز کے ترجمان نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: فورسز کے قافلے پر حملہ، 6 اہلکار ہلاک

اس سے قبل سیکیورٹی اہلکاروں نے ضلع لہری کے علاقے بختیارآباد میں دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنایا تھا اور ریلوے ٹریک پر نصب 8 کلو گرام دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنادیا تھا۔

بم کو ناکارہ بنانے کیلئے بم ڈسپوزل اسکوارڈ کو طلب کیا گیا تاہم اس دوران ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا۔

ادھر بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی کی 10 ویں برسی کے موقع پر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

خیال رہے گذشتہ روز صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں کے حملے میں 7 لیویز اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں فورسز کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں، ان کارروائیوں میں سیکڑوں لیویز اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

صوبے کی انتظامیہ نے ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' ملوث ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024