قتل کیا گیا تو ذمہ دار الطاف حسین ہوں گے،عامر لیاقت
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے علیحدگی اختیار کرنے والے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ انہیں قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، جبکہ اگر انہیں قتل کیا گیا یا کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ہوں گے۔
نجی نیوز چینل ’جیو‘ سے بات کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے کہا کہ ’مجھے قتل کرنے اور بوریوں کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، مجھے کہا جارہا ہے کہ تم مصطفیٰ کمال سے بھی بڑے غدار ہو اور تمہارا حال مصطفیٰ کمال سے بھی بدتر ہوگا۔‘
ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ایم کیو ایم میں شامل ہو کر مجھے لگا کہ میں مہاجر قوم کے حقوق کے لیے لڑ رہا ہوں، میں نے رکنیت بحال ہونے کے بعد مشکل حالات میں ان کا ساتھ دیا، جبکہ میں جو 4 سال ایم کیو ایم میں رہا اس وقت محمد انور اور ’را‘ والے معاملات نہیں تھے۔‘
یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت کا ایک مرتبہ پھر متحدہ چھوڑنے کا اعلان
عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ ’میں ایسے شخص کا ساتھ نہیں دے سکتا جس نے پاکستان مخالف باتیں کی ہوں، جبکہ اب کوئی محب وطن مہاجر الطاف حسین کے لیے باہر نہیں آئے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایم کیو ایم پاکستان کچھ نہیں ہے، ڈاکٹر فاروق ستار کو واضح طور پر الطاف حسین سے لاتعلقی کا اظہار کرنا ہوگا، جبکہ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو میں انہیں گلے لگاؤں گا۔‘
یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین نے دو روز قبل ایم کیو ایم سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
ڈاکٹر عامر لیاقت کچھ برس قبل ایم کیو ایم سے علیحدہ ہونے کے بعد حال ہی میں دوبارہ پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔