• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

الطاف حسین کاایک اورپاکستان مخالف بیان،متحدہ کاپھر اعلان لاتعلقی

شائع August 25, 2016

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی پاکستان میں موجود رابطہ کمیٹی نے الطاف حسین کے امریکا میں کارکنان سے حالیہ خطاب میں اسرائیل سے مدد مانگنے اور پاک فوج سے لڑنے کے بیان سے بھی اعلان لاتعلقی کر دیا۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار اور نسرین جلیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر الطاف حسین کے آڈیو کلپس چل رہے ہیں، یہ تقریر کراچی میں کارکنان سے کیے گئے خطاب سے ملتی جلتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : الطاف حسین نے پہلے خطاب میں کیا کہا. . .

عامر خان نے مزید کہا کہ کراچی میں کی گئی تقریر سے ایم کیو ایم نے اعلان لا تعلقی کیا تھا، اسی طرح امریکا میں کی گئی تقریر سے بھی رابطہ کمیٹی پاکستان اعلان لاتعلقی کرتی ہے۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش آڈیو کلپ میں مبینہ طور پر الطاف حسین نے کہا ہے کہ 'امریکا، اسرائیل ساتھ دے تو داعش، القاعدہ اور طالبان پیدا کرنے والی آئی ایس آئی اور پاکستانی فوج سے خود لڑنے کے لیے جاؤں گا'۔

مزید پڑھیں : ایم کیو ایم کا مرکز نائن زیرو سیل

الطاف حسین نے امریکا اور برطانیہ میں مقیم کارکنان کو ہدایت کی کہ ہر کسی سے مدد مانگی جائے، اسرائیل، ایران، افغانستان، ہندوستان سے بات کی جائے کہ وہ ہماری مدد کریں۔

برطانیہ میں مقیم متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'ہم سے غلطی اور گناہ ہوگیا، اے ہندوؤں! ہم اس سازش کو نہیں سمجھے جو انگریز نے بنائی تھی، ہم اس کا حصہ بن گئے اور جو اس کا حصہ نہیں بنے وہ عیش کر رہے ہیں'۔

تصاویر دیکھیں : کراچی میں ایم کیو ایم کارکنان کی ہنگامہ آرائی

الطاف حسین نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے کنوینئر ڈاکٹر ندیم نصرت پر بھی زور دیا کہ وہ ’کھل کر بولیں‘۔

اس موقع پر وہاں موجود افراد الطاف حسین کی تائید کرتے ہوئے یہ کہتے ہوئے سنائی دیئے کہ پاکستان کا تقسیم در تقسیم ہونا لکھ دیا گیا ہے، اس دوران انھوں نے 'لے کر رہیں گے آزادی' کے نعرے بھی لگائے۔

مزید پڑھیں: اے آر وائی کے دفتر پر حملہ، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک

خیال رہے کہ 22 اگست کو بھی الطاف حسین نے کراچی میں پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے پاکستان مخالف نعرے لگوائے تھے جبکہ کارکنان کو مختلف ٹی وی چینلز پر حملوں کے لیے اکسایا تھا۔

الطاف حسین کے اس خطاب کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماوں کی گرفتاریاں شروع ہوگئی تھیں جبکہ ایک روز بعد ہی کراچی میں موجود رابطہ کمیٹی کے فیصلے سے فاروق ستار نے الطاف حسین کے پاکستان مخالف بیان سے اعلان لاتعلقی کردیا اور ایم کیو ایم کو پاکستان سے چلانے کے فیصلے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایم کیو ایم کے فیصلے اب پاکستان میں ہوں گے، فاروق ستار

اس نئے آڈیو کلپ کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما عامرخان نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ الطاف حسین کی یہ تقریر بھی 2 روز پرانی ہی ہے، امید ہے اب ایسی کوئی تقریر اور بات نہیں ہوگی، ایم کیو ایم کراچی کی رابطہ کمیٹی الطاف حسین کے امریکا میں کارکنوں سے خطاب کے بیان سے بھی اعلان لاتعلقی کرتی ہے۔

عامر خان نے کہا کہ ایم کیو ایم کا اس بیان سے کوئی تعلق نہیں جبکہ پارٹی اس بیان کی مذمت کرتی ہے۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024