• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان کو امریکی سیکیورٹی امداد میں 73 فیصد کمی

شائع August 23, 2016

واشنگٹن: پاکستان کو فراہم کی جانے والی امریکی سیکیورٹی معاونت میں2011 سے اب تک 73 فیصد کمی واقع ہوگئی۔

امریکی کانگریشنل ریسرچ سروس (سی آر ایس) کی مرتب کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 2011 سے اب تک پاکستان کو فراہم کی جانے والی عسکری اور اقتصادی معاونت میں کمی آئی ہے۔

کانگریس کے سامنے پیش کرنے کیلئے مرتب کی جانے والی اس رپورٹ میں نہ صرف 2002 سے 2015 کے دوران پاکستان کو فراہم کی جانے والی عسکری و اقتصادی معاونت کا احاطہ کیا گیا ہے بلکہ مالی سال 2016 اور 2017 کیلئے مختص کردہ امداد کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کولیشن سپورٹ فنڈ:امریکا کا پاکستان کو30 کروڑڈالر دینےسےانکار

رپورٹ کے مطابق 2011 سے اب تک پاکستان کو دی جانے والی معاشی امداد میں 53 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے اور پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی موجودگی کے انکشاف اور پاکستانی چیک پوسٹ سلالہ پر امریکی فضائی حملے 24 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بگاڑ آنا شروع ہوا۔

اگست کے اوائل میں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے پاکستان کو فوجی امداد کی مد میں 30 کروڑ ڈالر جاری نہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور موقف اپنایا تھا کہ پاکستان حقانی نیٹ ورک کے خلاف موثر کارروائیاں نہیں کررہا تاہم پاکستان اس الزام کو یکسر مسترد کرتا ہے۔

پاکستان کو سیکیورٹی کی مد میں امریکا سے ملنے والی امداد کا حجم 2011 میں 1.3 ارب ڈالر تھا جو 2015 میں 73 فیصد کمی کے بعد 34 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہ گیا۔

اسی طرح پاکستان کو دی جانے والی معاشی امداد 2011 میں 1.2 ارب ڈالر تھی جو 2015 میں کم ہوکر 56 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہوگئی۔

سی آر ایس کے اعداد و شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی جریدے ؛دی ایٹلانٹکس نیوز سروس، دی وائر نے لکھا کہ ' امریکا سے رنجش پاکستان کو اس کے دوست ملک چین سے مزید قریب کرسکتی ہے'۔

مزید پڑھیں:ایف 16 طیارے:’پاکستان کو خود فنڈز دینے ہوں گے‘

دی وائر کا مزید کہنا تھا کہ 30 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد کی معطلی کبھی قریبی اتحادی سمجھے جانے والے ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کا اشارہ ہے اور یہ معاملہ ہندوستان کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

معطل ہونے والی 30 کروڑ ڈالر کی امداد پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں ملنی تھی جس کے تحت 2002 سے اب تک امریکا 14 ارب ڈالر فراہم کرچکا ہے۔

سی آر ایس کی رپورٹ کے مطابق 2002 سے 2014 کے دوران پاکستان کی مجموعی فوجی اخراجات میں سے کولیشن سپورٹ فنڈ کا حصہ 1/5 تھا۔

پاکستان نے افغانستان میں مداخلت کے وقت امریکا اور اس کے اتحادیوں کو اپنے فضائی اور بحری اڈوں کے استعمال کی اجازت دے کر کولیشن سپورٹ فنڈ کی صورت میں اس کا بدلہ حاصل کیا اور اس دوران افغان سرحد کے اطراف تقریباً ایک لاکھ فوجی تعینات تھے۔

پینٹاگون کی رپورٹ میں یہ کہا گیا تھا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں پاکستان کو دی جانے والی امداد کا تقریباً نصف حصہ خوراک اور جنگی ساز و سامان پر خرچ کیا گیا۔

سی آر ایس کے اعداد و شمار کے مطابق 2002 سے 2015 کے دوران امریکا کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی مجموعی امداد 32.2 ارب ڈالر میں سے کولیشن سپورٹ فنڈ کا حصہ 43 فیصد ہے۔

اسی طرح معاشی امداد کا حصہ 33 فیصد (10.6 ارب ڈالر) اور سیکیورٹی امداد کا حصہ 24 فیصد (7.6ارب ڈالر) رہا ہے۔

امریکی میڈیا نے پاکستان کیلئے امریکی امداد میں کمی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے اور وہاں 20 ہزار 877 عام شہری اور 6 ہزار 370 سیکیورٹی اہلکار 2003 سے 2015 کے دوران ہلاک ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی سینیٹ میں دفاعی بل منظور،پاکستانی امداد مشروط

امریکی میڈیا کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشتگردی کی وجہ سے 2004 سے 2015 کے دوران پاکستانی معیشت کو 115 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کی ایک مثال ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے معاہدے کی منسوخی بھی ہے۔

امریکا نے فارن ملٹری فنانسنگ پروگرام کے تحت پاکستان کو 27 کروڑ ڈالر کی رعایتی قیمت میں 8 ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم کانگریس کی شدید مخالفت کی وجہ سے مئی میں یہ منصوبہ منسوخ کردیا گیا تاہم پاکستان طیاروں کی اصل قیمت یعنی 70 کروڑ ڈالر ادا کرے انہیں خرید سکتا ہے۔

سفارتی کامیابی

دی وائر لکھتا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کو طیاروں کی فروخت سے انکار کو ہندوستان نے سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا گیا کیوں کہ انڈین حکومت اور ہندوستانی نژاد امریکی کانگریس میں اس کے خلاف کافی سرگرم تھے۔

جریدے کا مزید کہنا ہے کہ ان اقدمات سے امریکا کی پاکستان کے حوالے سے موقف میں آنے والی تبدیلی کا اشارہ ملتا ہے جو کئی دہائیوں سے امریکی سبسڈیز سے فائدہ اٹھارہا ہے اور امریکی امداد کی وجہ سے اس کی عسکری صلاحیتوں اور ساز و سامان میں اضافہ ہوا ہے۔

سی آر ایس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان 2001 سے امریکا سے 1.2 ارب ڈالر کے ویپن سسٹمز وصول کررہا ہے جن میں 47 کروڑ 40 لاکھ ڈالر مالیت کے 8 پی تھری سی اورین میری ٹائم پیٹرول ایئرکرافٹ اور 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے 20 اے ایف 1 ایف کوبرا اٹیک ہیلی کاپٹرز شامل ہیں۔

گزشتہ برس اپریل میں امریکی محکمہ خارجہ نے 95 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے فوجی ساز و سامان کی پاکستان کو فروخت کی منظوری دی تھی جس میں 15 اے ایچ 1 زیڈ وائپر اٹیک ہیلی کاپٹرز اور ایک ہزار ہیلفائر 2 میزائلز شامل تھے۔

اس کے علاوہ 5 اپریل 2016 کو امریکا نے پاکستان کو مذکورہ ہیلی کاپٹرز کی خریداری کیلئے 17 کروڑ ڈالر فراہم کرنے اور اضافی فیول کٹس دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

پاکستان امریکا سے 60 ایف سولہ اے/ بی طیاروں کیلئے 89 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کے اپ ڈیٹ کٹس بھی حاصل کررہا ہے جن میں سے 47 کروڑ 70 لاکھ ڈالر امریکا ادا کررہا ہے۔

2001 سے پاکستان امریکی ہتھیاروں کی مد میں 2.5 ارب ڈالر کی ادائیگی کرچکا ہے یا اب بھی کررہا ہے۔

امریکا کے ایکسس ڈیفنس آرٹیکلز (ای ڈی اے) پروگرام کے تحت پاکستان نے 14 ایف سولہ اے / بی فائٹنگ فیلکن ایئرکرافٹ اور 374 ایم 113بکتر بند گاڑیاں رعایتی قیمتوں میں حاصل کیں۔

ای ڈی اے ویپنز وہ استعمال شدہ ہتھیار ہیں جو امریکا نے افغانستان سے انخلاء کے دوران پاکستان کو دیے ہیں۔

کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت امریکا پاکستان کو 26 بیل 412 ای پی یوٹیلٹی ہیلی کاپٹر فراہم کرچکا ہے جن کی مالیت 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے۔

پاکستان کائونٹر انسرجنسی فنڈ سے امریکا نے فرنٹیئر کور کے لیے 450 گاڑیاں، چار ایم آئی 17 ملٹی رول ہیلی کاپٹرز اور دیگر ساز و سامان فراہم کیے ہیں، یہ پروگرام 2013 میں ختم ہوگیا تھا۔امریکا نے پاکستان کے تقریباً 2 ہزار فوجی افسران کی ٹریننگ کیلئے بھی فنڈنگ کی ہے۔

یہ خبر 23 اگست 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024