• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

انگلیاں چٹخانے پر آواز کیوں آتی ہے؟

شائع September 19, 2016
— کریٹیو کامنز فوٹو
— کریٹیو کامنز فوٹو

انگلیوں کے جوڑ چٹخانا اکثر افراد کی عادت ہوتی ہے مگر ایسا کرنے پر جسم کے اندر کیا ہوتا ہے، اس بارے میں آپ کو علم ہے؟

یا یوں کہہ لیں کہ آخر انگلیاں چٹخانے پر آواز کیوں آتی ہے؟ تو اس کا جواب کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

البرٹا یونیورسٹی کی تحقیق میں انگلیوں کو چٹخانے پر جوڑوں کے اندر اثرات کا جائزہ ایم آر آئی اسکین کے ذریعے لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ چٹخانے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی آواز درحقیقت سینوویال فلوئیڈ (رطوبت زلالی) میں گیس بھرنے کے نتیجے میں ابھرتی ہے۔

سینوویال فلوئیڈ ایسی پتلی رطوبت ہوتی ہے جو انسانی جسم کے بیشتر جوڑوں کے درمیان موجود خلاء کو بھرتی ہے۔

تحقیق کے مطابق جب انگلیوں کو چٹخایا جاتا ہے تو یہ کچھ ایسا ہی ہوتا ہے جیسے خلاء پیدا کیا جائے کیونکہ ایسا کرنے سے جوڑ کی سطح اچانک الگ ہوتی ہے جس کے نتیجے میں آواز پیدا ہوتی ہے۔

اس حوالے سے الٹرا ساﺅنڈز کی مدد سے بھی جائزہ لیا گیا کیونکہ یہ ٹیکنالوجی ایم آر آئی کے مقابلے میں پچاس سے سو گنا زیادہ تیزی سے چیزوں کا اندازہ لگاتی ہے۔

نتائج سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ ایسا کرنے سے دباﺅ میں ہونے والی تبدیلی کے نتیجے میں رطوبت میں پیدا ہونے والے بلبلے چٹخنے کی آواز پیدا کرتے ہیں۔

اور ہاں انگلیاں چٹخانے کی عادت کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ جوڑوں کے امراض یا دیگر طبی مسائل کا باعث بنتی ہے۔

تاہم محققین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے قابل اعتبار شواہد موجود نہیں کہ انگلیاں چٹخانا کسی قسم کے مسئلے کا باعث بنتا ہے۔

دوسری جانب کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک نئی تحقیق میں بھی بتایا گیا ہے کہ اس عادت کے کسی قسم کے مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے مگر محققین کے بقول اس کا کوئی خاص فائدہ بھی نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024