• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

جہانگیر ترین کے خلاف ن لیگ کا نااہلی ریفرنس

شائع August 18, 2016

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس ریفرنس جمع کرادیا۔

ن لیگ کے دانیال عزیز، طلال چوہدری اور مائزہ حمید نے اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں پی ٹی آئی رہنما کے خلاف نااہلی ریفرنس جمع کرایا۔

ریفرنس میں الزام لگایا گیا ہے کہ جہانگیر ترین سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں وفاقی وزیر تھے اور انھوں نے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ سے تاندیوالا شوگر ملز کیلئے 10 کروڑ سے زائد کی رقم قرضے کی شکل میں لی تھی جسے 2005 میں معاف کرالیا گیا۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ جہانگر ترین نے عام انتخابات کیلئے جمع کرائے جانے والے کاغذات نامزدگی میں اپنے مالی اثاثوں کی تفصیلات درست ظاہر نہیں کیں۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی نااہلی کے لیے پی ٹی آئی کا ریفرنس دائر

مسلم لیگ نواز کے اراکین قومی اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن میں اپنے اثاثوں کی غلط تفصلات جمع کرانے پر جہانگیر ترین کو قومی اسمبلی کی نشست سے نااہل قرار دیا جائے۔

ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ 'جہانگیر ترین کا مذکورہ اقدام پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 62، 63 کے خلاف ہے'۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے ریفرنس میں لگائے گئے الزامات پر جہانگیر ترین نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ وہ ملک کے صف اول کے ٹیکس دینے والے سیاستدان ہیں۔

انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جتنے بھی 'جعلی ریفرنسز' جمع ہو جائیں وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وہ قومی اسمبلی میں رہیں یا نہ رہیں، لیکن احتساب کی تحریک کو عمران خان کے ساتھ مل کر منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے مسلم لیگ ن کی جانب سے عمران خان کے خلاف ریفرنس جمع کرائے جانے کے بعد رواں ہفتے پیر کے روز پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنس جمع کرایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاناما لیکس پر نااہلی ریفرنس: وزیراعظم کو نوٹس جاری

واضح رہے کہ پی ٹی آئی، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور عوامی مسلم لیگ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے خلاف بھی ریفرنس دائر کررکھا ہے۔

ای سی پی مذکورہ ریفرنس کی سماعت کررہی ہے، کمیش نے وزیراعظم سے 6 ستمبر تک مذکورہ ریفرنس پر جواب طلب کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024