ریواولمپکس:ارجنٹینا، بیلجیم ہاکی کے فائنل میں
ریوڈی جنیرو: ارجنٹینا اوربیلجیم نے دفاعی چمپیئن جرمنی اور ایونٹ کی فیورٹ نیدرلینڈز کو شکست دے کر ریواولمپکس کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں دونوں ٹیمیں سونے کے تمغے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
ریواولمپکس کے ہاکی مقابلوں میں ارجنٹینا نے 2008 اور 2012 کی گولڈ میڈلسٹ جرمنی کو سیمی فائنل میں 2-5 سے شکست دی جبکہ بیلجیم نے 1996 اور 2000 کی چمپیئن ٹیم نیدرلینڈز کو 1-3 سے زیر کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔
جرمن ٹیم کوارٹرفائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف اختتامی 5 منٹ میں مسلسل 3 گول کرکے میچ 2-3 سے جیت کر سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔
سیمی فائنل میں ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی گونزالو پیلاٹ نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ جوخیم مینینی اور لوکاس ولا کے ایک، ایک گول کی بدولت 0-5 سے برتری حاصل کی تھی تاہم جرمنی کی جانب سے موریٹز فرسٹ اور کرسٹوفر روہر نے ایک، ایک گول کے ذریعے ہار کا مارجن کم کردیا۔
ارجنٹینا کے 37 سالہ گول کیپر جوان ویوالدی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور جرمن کھلاڑیوں کے گول کرنے کے 10 حملوں کو ناکام بنا دیا۔
فرسٹے نے اعتراف کیا کہ 'ہمیں ماننا ہوگا کہ آج ہم نے اپنی بہترین ہاکی نہیں کھیلی'۔
دوسری جانب بیلجیم نے سابق چمپیئن نیدرلینڈز کے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اولمپکس کی تاریخ میں اپنی بہترین کاکردگی دکھائی، اس سے قبل 1920 میں اپنے ہوم گراؤنڈ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
بیلجیم نے چارسال قبل منعقد ہوئے اولمپکس میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی لیکن رواں اولمپکس مقابلوں کے لیے نیوزی لینڈ کے سابق کوچ شین مک لیوڈ کی خدمات حاصل کیں جنھوں نے2008 اور 2012 کے مقابلوں میں کیویز کی کوچنگ کی تھی۔
جیروم ٹروئینز اور کپتان جون ڈوہمین نے پہلے ہاف میں بیلجیم کے لیے دو گول کئے جبکہ فلورینٹ وین اوبل کے فیلڈ گول سے بیلجیم کی برتری مزید بہتر ہوگئی۔
بیلجیم نے مضبوط نیدرلینڈز کو شکست دے کر پہلی مرتبہ اولمپک مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ریو اولمپک میں دونوں ٹیمیں سونے کے تمغے کے حصول کے لیے فائنل میں 19 اگست کو مدمقابل ہوں گی۔