• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاک انڈیا بارڈر: 14 اگست پر فائرنگ اور مٹھائیوں کا تبادلہ

شائع August 14, 2016
قومی اور مذہبی تہواروں پر فورسز میں مٹھائوں کا تبادلہ ایک روایت ہے — فوٹو: اے ایف پی
قومی اور مذہبی تہواروں پر فورسز میں مٹھائوں کا تبادلہ ایک روایت ہے — فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاکستان کی یوم آزادی کے موقع پر پنجاب رینجرز کی جانب سے واہگہ پر ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس کو روایتی مٹھائیاں پیش کی گئیں جبکہ دوسری جانب لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی فورسز کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر فائرنگ کی گئی۔

ایل او سی پر 14 اگست کے دن ہندوستانی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہندوستانی فورسز نے آزاد کشمیر میں ایل او سی پر راولا کوٹ کے نیزہ پیر سیکٹر میں بھاری ہتھیاروں سے شیلنگ کی۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ شیلنگ کے دوران متعدد گولے عام شہریوں کے گھروں پر بھی گرے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ رات 2 بجے شروع ہوا جو وقفے وقفے سے 14 اگست کی صبح 8:30 تک جاری رہا۔

فوج کی جانب سے کہا گیا کہ ہندوستانی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کا بھر پور جواب دیا گیا.

فائرنگ اور گولہ باری سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) نے ہندوستانی فورسز کی جانب سے پاکستانی چوکیوں اور شہریوں کو بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنانے کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا۔

اس حوالے سے پاکستان نے ہندوستانی ڈی جی ایم او سے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا اور ان کی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔

مٹھائیوں کا تبادلہ

پنجاب رینجرز کے سیکٹر کمانڈر شوکت علی ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس کے کمانڈنٹ سندیپ سے گلے مل رہے ہیں — فوٹو : اے ایف پی
پنجاب رینجرز کے سیکٹر کمانڈر شوکت علی ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس کے کمانڈنٹ سندیپ سے گلے مل رہے ہیں — فوٹو : اے ایف پی

اس بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری کے باوجود پاکستان اور ہندوستان کی سرحدوں پر تعینات فورسز کے درمیان روایت کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر مٹھائی کا تبادلہ ہوا۔

پاکستانی فورسز نے روایتی طور پر مٹھائی واہگہ بارڈر پر ہندوستانی فورسز کو پیش کیں۔

یوم آزادی پرواہگہ بارڈ پر خصوصی تقریب ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، جذبہ خیر سگالی کے تحت رینجزز کے افسران نے ہندوستانی بارڈر سیکورٹی فورس کو مٹھائی پیش کی۔

ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی نے سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا تو واہگہ میں موجود پاکستانیوں نےاللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

سیکٹرکمانڈرپنجاب رینجرزشوکت علی نے کمانڈنٹ بی ایس ایف سندیپ کو مٹھائی پیش کی — فوٹو : اے ایف پی
سیکٹرکمانڈرپنجاب رینجرزشوکت علی نے کمانڈنٹ بی ایس ایف سندیپ کو مٹھائی پیش کی — فوٹو : اے ایف پی

خیال رہے کہ پاکستان میں آج (14 اگست) کو 70 واں یوم آزادی منایا جا رہا ہے جبکہ ہندوستان میں کل (15 اگست کو) یوم آزادی منایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : رینجرز کا ہندوستانیوں سے مٹھائی لینے سے انکار

ایک ماہ قبل عید الفطر پر بھی واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز کی جانب سے ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کو مٹھائی پیش کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے قومی دِنوں پر مٹھائی کا تبادلہ ایک روایت رہا ہے مگر گذشتہ برس لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی کے باعث 26 جنوری 2015 کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ اور جولائی 2015 میں عید الفطر پر بی ایس ایف کی جانب سے ارسال کی گئی مٹھائی پاکستان رینجرز نے قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔

مزید پڑھیں : پاکستان رینجرز نے ہندوستانی مٹھائی ٹھکرا دی

بعد ازاں مٹھائیوں کے تبادلے کا یہ سلسلہ اگست میں ایک بار پھر شروع ہوا جب پاکستان رینجرز نے 14 اگست 2015 پر یوم آزادی کی خوشی میں ہندوستانی بارڈر سیکیورٹی فورس کو مٹھائی پیش کی، اس کے بعد نومبر میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار دیوالی پر بھی مٹھائی کا تبادلہ ہوا تھا۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024