• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

امن و امان کی خراب صورتحال کے ذمہ دار چوہدری نثار ہیں‘

شائع August 12, 2016

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال کے اصل ذمہ دار وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ہیں، جو اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے الزام تراشی کا سہارا لے رہے ہیں۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک تباہی کے دہانے پر ہے، لوگ مر رہے ہیں اور وزیر داخلہ الزام تراشیوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال کے اصل ذمہ دار چوہدری نثار ہیں، ملک میں امن و امان کا قیام اور عوام کو تحفظ فراہم کرنا وزیر داخلہ کی اولین ذمہ داری ہے، لیکن وہ اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے الزام تراشی کا سہارا لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خورشید شاہ حکومت کے بجائے میرے خلاف ہیں،چوہدری نثار

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار اس طرح کی پریس کانفرنسز اور الزام تراشیاں کرکے قوم کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، ان میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ وہ ذمہ داری قبول کریں اور نہ ہی ان میں اتنی غیرت ہے کہ اپنی وزارت سے مستعفی ہوجائیں، جبکہ میں وزیر داخلہ ہوتا ہے تو کب کا استعفیٰ دے چکا ہوتا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ وہ پیر کو پارلیمنٹ میں وزیر داخلہ کے الزامات کا تفصیلی جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ’کچھ لوگ اسمبلی میں پوائنٹ اسکورنگ اور تماشا لگانا چاہتے تھے، اسمبلی میں صرف وزیر اعظم کو متاثر کرنے کے لیے ڈرامہ رچایا گیا، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ حکومت کے بجائے میرے خلاف ہیں اور ایک ایسا ٹولہ ہے جو ہر چیز کا الزام مجھ پر ڈال دیتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کو سیکیورٹی اداروں کے حوالے سے میری بات ناگوار گزری، لیکن سیکیورٹی اداروں پر تنقید کا جواب دینا میری ذمہ داری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024