• KHI: Maghrib 6:47pm Isha 8:04pm
  • LHR: Maghrib 6:20pm Isha 7:42pm
  • ISB: Maghrib 6:26pm Isha 7:50pm
  • KHI: Maghrib 6:47pm Isha 8:04pm
  • LHR: Maghrib 6:20pm Isha 7:42pm
  • ISB: Maghrib 6:26pm Isha 7:50pm

عمرگل، عرفان ون ڈے اسکواڈ کی دوڑ میں شامل

شائع August 9, 2016

لاہور:قومی سلیکشن کمیٹی نے فاسٹ باؤلر محمد عرفان اور عمرگل کے میچ فٹنس ٹیسٹ کے پیش نظر آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے ٹیم کے اعلان میں تاخیر کردی۔

پاکستان ٹیم انگلینڈ میں موجود ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہے جبکہ قومی ٹیم کو سیریز میں 2-1 کے خسارے کا سامنا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر قومی ٹیم آئرلینڈ سے دو ون ڈے میچز کھیلے گی جہاں سے واپسی پر رواں ماہ کے آخر میں انگلینڈ کے خلاف 5 ون ڈے میچوں کی سیریز ہوگی۔

سلیکٹرز ون ڈے ٹیم میں پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کو مضبوط کرنے کے لیےعمرگل اور عرفان کو شامل کرنے کے خواہاں ہیں لیکن ان کی شمولیت کا فیصلہ موجودہ فٹنس سطح جانچنے کے بعد کیا جائے گا۔

گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والا پریکٹس میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا اسی لیے ٹیم کے اعلان میں تاخیر ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمرگل 7 ماہ بعد ممکنہ طورپر قومی ٹیم میں واپسی کریں گے۔

32 سالہ عمر گل نے رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد انھیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے بھی باہر کردیا گیا تھا۔

عمر گل نے آخری ون ڈے میچ بنگلہ دیش کے خلاف اپریل 2015 میں کھیلا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سلیکٹرز عمرگل اور عرفان کا جائزہ لیں گے جو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں انڈور باؤلنگ کررہے ہیں۔

عمرگل نے اپریل اور مئی میں فیصل آباد میں کھیلے گئے پاکستان کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 4 میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

دوسری جانب عرفان فٹنس مسائل کا شکار ہیں اور سلیکٹرز ون ڈے کی سطح پر رسک لینے سے ہچکچارہے ہیں تاہم پاکستان کپ میں انھوں نے اسلام آباد کی جانب سے کھیلتے ہوئے 3 میچوں میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان کپ کے سرفہرست کھلاڑی احسان عادل اور ضیاالحق جنھوں نے بالترتیب 10،10 وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن وہ ون ڈے سیریز کے لیے سلیکٹرز کی نظرمیں نہیں ہیں۔

یہ خبر 9 اگست کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 29 مارچ 2025
کارٹون : 28 مارچ 2025