• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کوئٹہ دھماکے میں زخمی ڈان نیوز کے کیمرہ مین چل بسے

شائع August 8, 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ڈان نیوز کے کیمرہ مین محمود خان دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

10 اگست 1990 کو پیدا ہونے والے محمود خان اپنی صحافتی ذمہ داریاں سرانجام دیتے ہوئے ہلاک ہوئے، 2 دن بعد ان کی سالگرہ تھی۔

ڈان نیوز کوئٹہ کے بیورو چیف سید علی شاہ نے 25 سالہ محمود خان کی ہلاکت پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پانچ وقت کے نمازی تھے، ان کے 4 بچے تھے، جبکہ ان کے بھائی کے 3 بچوں کی کفالت بھی ان ہی کے ذمہ تھی۔

مزید پڑھیں:کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خودکش دھماکا، 53 افراد ہلاک

سید علی شاہ نے بتایا کہ محمود خان ان کے پاس بحیثیت سیکیورٹی گارڈ آئے تھے، جہاں 12 گھنٹے کی ڈیوٹی کے دوران وہ تعلیم بھی حاصل کرتے رہے، پھر ہم نے انھیں نان لینیئر ایڈیٹر (این ایل ای) بنادیا اور بعدازاں انھیں بحیثیت کیمرہ مین ملازمت دے دی گئی۔

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

علی شاہ نے بتایا کہ محمود خان نے اسی دوران گریجویشن کی، وہ ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز کرکے رپورٹر بننا چاہتے تھے، لیکن انھیں مہلت نہ مل سکی۔

محمود خان کی نماز جنازہ عالمو چوک پر ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں عالمو چوک قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

یاد رہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 54 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے۔

تصاویر دیکھیں:کوئٹہ ایک بار پھر خون میں نہا گیا

ڈان نیوز کے مطابق پیر 8 اگست کی صبح نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے بلوچستان بار کونسل کے صدر ایڈووکیٹ بلال انور کاسی کی میت سول ہسپتال لائی گئی تھی۔

سول ہسپتال میں وکلاء کی بھی اچھی خاصی تعداد موجود تھی کہ اس دوران ہسپتال کے شعبہ حادثات کے بیرونی گیٹ پر زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 54 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ دھماکے کے بعد سیفٹی چیک

ڈان نیوز کے کیمرہ مین محمود خان کے علاوہ آج ٹی وی کے ایک کیمرہ مین بھی دھماکے میں ہلاک ہوئے تھے، جبکہ دنیا نیوز کے رپورٹر فرید اللہ سی ایم ایچ کوئٹہ میں زیرِ علاج ہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Ahmad Aug 08, 2016 05:01pm
RIP Mahmood Khan, our deepest condolences to his family.
AnwarThinks Aug 08, 2016 05:02pm
اللہ تعالی محمود خان بشمول تمام مرحومین کی مغفرت فرماۓ,زخمیوں کو شفاءکلی اور متاثرین کو حوصلہ و صبر عطا فرماۓ. پسماندگان کےلیے بہتر وسیلہ و اسباب پیدا فرماۓ. تمام انسانوں, خصوصا" پاکستان کے دشمنوں کو نیست ونابود فرماۓ . اللہ پاک پاکستان , تمام عالم اسلام اور سب انسانوں (انسایت کے حامل) کو اپنے حفظ و امان میں رکھے. آمین ثم آمین.

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024