• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سونیا گاندھی کو مودی کے حلقے میں روڈ شو مہنگا پڑ گیا

شائع August 3, 2016
بنارس میں کانگریس کے انتخابی روڈ شو میں ہزاروں افراد نے شرکت کی—فوٹو / اے پی
بنارس میں کانگریس کے انتخابی روڈ شو میں ہزاروں افراد نے شرکت کی—فوٹو / اے پی

نئی دہلی: ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کو وزیر اعظم نریندر مودی کے انتخابی حلقے بنارس میں روڈ شو کرنا مہنگا پڑ گیا۔

کانگریس رہنما ریاست اتر پردیش کے شہر بنارس میں پارٹی کی انتخابی مہم کی شروعات کے حوالے سے منعقدہ روڈ شو میں شریک تھی لیکن شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں پروگرام ادھورا چھوڑ کر دہلی واپس جانا پڑا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی واپسی سے قبل سونیا گاندھی نے دو گھنٹے بنارس کے ایئرپورٹ پر بھی آرام کیا اور بعد ازاں شام میں نئی دہلی پہنچ گئیں۔

دہلی ایئرپورٹ پر سونیا گاندھی کی بیٹی پریانکا گاندھی اور بیٹے راہول گاندھی انہیں لینے کیلئے موجود تھے، پریانکا گاندھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بنارس جانے سے قبل ہی ان کی طبیعت تھوڑی ناساز تھی لیکن وہ جانے کیلئے بضد تھیں۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ روڈ شو کو دو گھنٹے چلنا تھا لیکن اس کا دورانیہ پانچ گھنٹے تک بڑھ گیا تھا اور شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے سونیا گاندھی ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوگئیں۔

سونیا گاندھی نے بعد ازاں اپنے بیان میں کہا کہ وہ صحتیاب ہو کر جلد دوبارہ بنارس کا دورہ کریں گی۔

مودی کی خصوصی طیارہ بھیجنے کی پیشکش

اطلاعات کے مطابق جب سونیا گاندھی بنارس ایئرپورٹ پر آرام کررہی تھیں تو وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کی جانب سے اترپردیش میں وزارت اعلیٰ کی امیدوار شیلا ڈکشت کو فون کیا اور سونیا گاندھی کی طبیعت معلوم کی۔

ساتھ ہی نریندر مودی نے ایک ڈاکٹر اور سونیا گاندھی کو دہلی پہنچانے کیلئے خصوصی طیارہ دینے کی بھی پیشکش کی۔

بعد ازاں کانگریس کے رہنما غلام نبی آزاد نے میڈیا کو بتایا کہ سونیا گاندھی کی طبیعت اب بہتر ہے، انہیں جسم میں پانی کی کمی کی وجہ سے بخار ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ اتر پردیش کے ریاستی انتخابات 2017 میں ہوں گے۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024