عراق: احتجاج میں خود کش دھماکوں سے 8 افراد ہلاک

عراق کے شہر تز خرماتو میں ہونے والے احتجاج کے دوران دو خود کش دھماکوں میں آٹھ ترک نسل عراقی باشندے ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
بغداد کرکوک ہائی وے کے قریب تزخرماتو کے علاقے میں ترک نسل عراقی باشندے حکومت کی جانب سے تحفظ کی فراہمی میں ناکامی پر احتجاج کر رہے کہ مسلح افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔
ان لوگوں کو اس سے قبل بھی متعدد دفعہ نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
دھماکے میں زخمی ایک پولیس اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ مظاہرین گزشتہ دنوں احتجاج کے دوران ہلاک شخص کی لاش کے ہمراہ احتجاج کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک زور دھماکے نے ٹینٹ اکھاڑ پھینکا۔
ابھی لوگ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کر ہی رہے تھے کہ دوسرا دھماکا بھی ہو گیا۔
عراق میں ہر گزرت دن کے ساتھ بم دھماکوں اور پرتشدد واقعات میں اضافہ ہو چکا ہے جہاں گزشتہ ماہ بھی ایک ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
ابھی تک کسی نے ان حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی لیکن القاعدہ سے منسلک سنی عسکریت پسند، اکثرو بیشتر شیعوں کو اپنا مخالف سمجھنے کی وجہ سے نشانہ بناتے ہوئے مسلسل بڑے پیمانے پر بمباری بھی کرتے رہے ہیں-