اٹک: خود کشی کے 2 واقعات میں 4 لڑکیاں ہلاک
اٹک: پنجاب کے ضلع اٹک میں 2 مختلف واقعات میں گھریلوں جگڑے کے بعد زہر کھانے سے 4 لڑکیاں ہلاک ہوگئیں۔
اٹک پولیس کے مطابق پہلا واقعہ اٹک کے علاقے تکبیر کالونی میں پیش آیا، جہاں 6 خانہ بدوش لڑکیوں نے گھریلو جھگڑے کے باعث گندم میں رکھی جانے والی زہریلی گولیاں کھالیں۔
زہر کھانے سے ان کی حالت بگڑنے پر انہیں اسفدیار ہسپتال اٹک منتقل کیا گیا تاہم 3 لڑکیاں علاج شروع ہونے سے قبل ہی ہلاک ہوگئیں۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ایک متاثرہ لڑکی کی جان بچالی گئی ہے تاہم 2 لڑکیوں کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
واضح رہے کہ ہلاک ہونے والی لڑکیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جن کی شناخت فوزیہ، ملکانی اور ثنا کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دوسرے واقعے میں 13 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر بڑی بہن کے ساتھ جھگڑے کے بعد غصے میں آ کر زہریلی گولیاں کھالیں۔
لڑکی کو اٹک کے سرکاری ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد راولپنڈی ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس کی جان نہ بچائی جاسکی، بعد ازاں لڑکی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
متاثرہ لڑکیوں سے بیان لینے کے لیے اٹک سے راولپنڈی آنے والے ایس ایچ او اٹک ملک ارشد کا کہنا تھا کہ پولیس معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔