جامشورو: تیز رفتار بس اور ٹرک میں تصادم سے 12 مسافر ہلاک
حیدرآباد: سندھ کے ضلع جامشورو میں تھرمل پاور اسٹیشن کے قریب تیز رفتار بس اور ٹرک میں تصادم سے 12 مسافر ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے کراچی آنے والی بس جامشورو میں سیہون روڈ پر ٹول پلازہ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مسافر بس تیز رفتاری کے باعث مخالف سمت میں کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو لیاقت یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ اندرون سندھ اکثر وبیشتر ٹریفک حادثات ہوتے رہتے ہیں، جن کی بنیادی وجہ تیز رفتاری، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور گاڑیوں کی مینٹی نینس نہ ہونا ہے۔
اس سے قبل رواں برس مئی میں بھی حیدر آباد کے قریب ٹرک اور مسافر بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔