کوئٹہ میں ہزارہ قبیلے کے 2 افراد کی 'ٹارگٹ کلنگ'
کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے سریاب روڈ پر ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے 2 افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 2 مزدور غلام نبی اور محمد نبی رکشہ میں مچھ سے اپنے گھر جارہے تھے کہ سریاب روڈ پر گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے قریب نامعلوم افراد نے انھیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
مقتولین کوئٹہ کے علمدار روڈ کے رہائشی تھے، جہاں ہزارہ قبیلے کی اکثریت آباد ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں افراد کو اسی رکشہ میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جس میں انھیں گولی ماری گئی۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی ایجنسیز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے پولیس کو مجرموں کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔