• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سعودی عرب میں ہندوستانی شہریوں کیلئے مفت راشن

شائع July 31, 2016

نئی دہلی: سعودی عرب میں مقیم بے روزگار ہندوستانی شہریوں کو مفت راشن فراہم کیا جائے گا اور انہیں ہر طرح سے معاونت فراہم کی جائے گی۔

اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی وزیر برائے امور خارجہ سشما سوراج نے ریاض میں ہندوستانی سفارتخانے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سعودی عرب میں مقیم بے روزگار شہریوں کو مفت راشن فراہم کریں۔

سشما سوراج ٹوئیٹر کے ذریعے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی عرب اور کویت میں بڑی تعداد میں ہندوستانی شہری ملازمتوں سے محروم ہوگئے ہیں اور انہیں کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں اور فیکٹریاں بند ہوگئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے ساتھی جنرل وی کے سنگھ سعودی عرب جائیں گے اور مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور ایم جے اکبر اس معاملے کو سعودی عرب اور کویت کی حکومتوں کے سامنے اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ سشما سوراج کا بیان ایک شخص کی جانب سے کیے گئے اس ٹوئیٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اس نے دعویٰ کیا تھا کہ جدہ میں تقریباً 800 ہندوستانی شہری فاقے کرنے پر مجبور ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں ہندوستانی شہری مقیم ہیں جو ملازمت کے بہتر مواقع کیلئے وہاں گئے ہیں۔

تیل کی عالمی قیمتوں میں ہونے والی کمی کی وجہ سے سعودی حکومت نے سخت معاشی اصلاحات کیے ہیں اور وہاں ترقیاتی کاموں میں آنے والی سستی کی وجہ سے غیر ملکیوں کے روزگار متاثر ہوئے ہیں۔

سشما سوراج نے مزید کہا کہ میں وعدہ کرتی ہوں کہ اب سعودی عرب میں کوئی ہندوستانی شہری بھوکا نہیں رہے گا، میں اس معاملے کی لمحہ بہ لمحہ خود نگرانی کررہی ہوں، سعودی عرب میں حالات کویت سے زیادہ خراب ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے ٹوئیٹر پر ہندوستانی شہریوں کو راشن تقسیم کرنے کے حوالے سے تصویر بھی جاری کی۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024