• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سونیا حسین کی اگلی فلم بااختیار خواتین سے متعلق

شائع July 29, 2016
سونیا حسین
سونیا حسین

باصلاحیت اداکارہ سونیا حسین اس حوالے سے خوش قسمت ہیں کہ ان کی پہلی ہی فلم 'مور' لکس اسٹائل ایوارڈز کے لیے نامزد ہوچکی ہے اوراب سونیا ایک دوسری فلم کا حصہ بنننے جا رہی ہیں، جو خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر بنائی جارہی ہے، جس میں وہ مرکزی کردار ادا کریں گی۔

اس حوالے سے ڈان امیجز سے گفتگو کرتے ہوئے سونیا نےبتایا، 'میں فلم میں ایک صحافی زارا کا کردار ادا کروں گی، جو ہے تو پاکستانی لیکن اس کی پیدائش اور پرورش برطانیہ میں ہوتی ہے'۔

اپنے کردار کے حوالے سے انھوں نے مزید بتایا کہ 'زارا ایک بہت صاف گو اور بااختیار خاتون ہے اور بہت سی لڑکیاں خود کو اس کردار سے منسلک کرسکتی ہیں'۔

سونیا کا مزید کہنا تھا کہ ابھی اس فلم کا نام فائنل نہیں کیا گیا، تاہم انھوں نے بتایا، 'یہ ایک کمرشل فلم ہوگی، جو ہر قسم کے ناظرین کے لیے بنائی جارہی ہے، لیکن بنیادی طور پر یہ ایکشن تھرلر فلم ہے، جس میں رومانس اور حب الوطنی بھی شامل ہے اور سب سے بڑھ کر یہ خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر مبنی ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے یہ فلم کرنے کی حامی بھری'۔

عمران ملک کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کے گانے ساحر علی بگا، راحت فتح علی خان، قرۃ العین بلوچ اور شفقت امانت علی خان نے گائے ہیں، جبکہ اس کی سینماٹوگرافی آسٹریلیا کے بین جیسپر نے کی ہے۔

فلم کو اُس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب مرکزی ہیرو دانش تیمور اس سے الگ ہوگئے لیکن سونیا کے مطابق یہ مسائل اب ماضی کا حصہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کچھ پیشہ ورانہ اختلافات کی بناء پر دانش اس فلم سے الگ ہوگئے لیکن اب فلم کا کام پوری رفتار سے جاری ہے اور اسے رواں برس ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا'۔

انھوں نے فلم کے نئے ہیرو معمر رانا کی بھی بہت تعریف کی اور کہا کہ 'معمر نہ صرف ایک بہترین فلم اسٹار ہیں بلکہ وہ ایک بہت اچھے انسان بھی ہیں اور ان کے ساتھ کام کا تجربہ اچھا رہا'۔

سونیا حسین کی اس فلم کی ریلیز اگلے برس متوقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024