• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

کراچی میں مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم

شائع July 29, 2016

کراچی :سیشن کورٹ نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کراچی کو پاکستان کے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

سیشن اینڈ ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے جج کی ہدایت پر کورٹ حکام نے ڈی ایچ اے انتظامیہ کو 26 جولائی کو خط جاری کیا جس میں ڈی ایچ اے کی حدود میں آنے والے سابق حکمران ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی 4 جائیداد ضبط کرنے کے بعد اس کی کاپی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ڈی ایچ اے کو 3 دن کے اندر اس معاملے کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ اس کیس کو خصوصی عدالت میں بھیجا جاسکے۔

عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کی اور سیکشن 88 کے تحت زمہ زمہ میں ایک بنگلہ اور ڈی ایچ اے کے دوسرے علاقوں میں تین پلاٹس کا بھی قبضہ لے کر اس کی نقل جمع کرانے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: 'پرویز مشرف کی تمام جائیدادیں ضبط نہیں ہوسکتیں'

خط کے مطابق جنرل (ر) پرویزمشرف کی ملکیت میں آرمی ہاؤسنگ اسکیم، ڈی ایچ اے زمہ زمہ فیز فائیو میں ایک بنگلہ اور آرمی ہاؤسنگ اسکیم کراچی، خیابان فیصل ڈی ایچ اے کراچی، بیچ اسٹریٹ ڈی ایچ اے کراچی کے تین پلاٹس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 19 جولائی کو پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی سربراہی میں ایک تین رکنی جج خصوصی عدالت نے اتھارٹیز کو منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف 18 مارچ کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام خارج ہونے کے بعد بیرون ملک چلے گئے، واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بھی سندھ ہائی کورٹ کے مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

مزید پڑھیں: غداری کیس: مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم

یاد رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف پر 3 نومبر 2007 کو ماورائے آئین اقدامات، اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کو نظر بند اور ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے مقدمات ہیں۔

خیال رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی فوجی آمر کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

یہ خبر 29 جولائی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024