• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'پاکستانی ٹیم سیریز میں شاندار واپسی کرے گی'

شائع July 28, 2016
انضمام کا خیال ہے کہ یونس اور مصباح سیریز میں بنیادی کردار ادا کریں گے—فوٹو: اے ایف پی
انضمام کا خیال ہے کہ یونس اور مصباح سیریز میں بنیادی کردار ادا کریں گے—فوٹو: اے ایف پی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے سیریز میں اپنی برتری قائم کرلے گی۔

اسکائی اسپورٹس کو دیے گئے انٹرویو میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ 'مجھے یقین ہے کہ جیسے کھلاڑی ان کنڈیشنز پر تجربہ حاصل کرلیں گے ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور پاکستان کے لیے اچھے نتائج ملیں گے اور سیریز میں واپسی ہوگی'۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ 'لارڈز میں کامیابی سے سب پر یہ ظاہر ہوچکا ہے کہ یہ ٹیم غیرملکی کنڈیشنز پر مضبوط حریف کے خلاف جیتنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اولڈ ٹریفورڈ میں اچھا نہیں کھیلا لیکن ہمیں انگلینڈ کو واپسی کرنے پر داد دینی چاہیے جس سے پتہ چل گیا کہ وہ شکست دینے کے لیے ایک مشکل ٹیم ہے'۔

پاکستانی بیٹنگ سیریز میں سخت مشکلات کا شکار ہے اور پوری ٹیم کا انحصار کپتان مصباح الحق پر ہے جنھوں نے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنا کر جیت کی بنیاد رکھی تھی۔

قومی ٹیم کی بیٹنگ کے حوالے سے انضمام کا کہنا تھا کہ 'مصباح الحق نے تمام بلے بازوں کو راستہ دکھایا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ان کی عمر کا کوئی مسئلہ نہیں اور پاکستان ٹیم کا حصہ بننے کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہے بلکہ کارکردگی اور فٹنس کا معیار اہم چیز ہے'۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ 'مصباح اس وقت جس طرح کھیل رہے ہیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دوروں کے لیے انھیں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملنا چاہیے اور ان کا تجربہ ٹیم کے لیے اہم ہوگا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یونس خان بھی ایک اچھے کھلاڑی ہیں اور میں پراعتماد ہوں کہ ہم طویل عرصے کے لیے ان پر بھروسہ کرسکتے ہیں اور اسی طرح اگلے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے مصباح بھی موجود ہیں'۔

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان نے انگلینڈ کے نوجوان بلے باز جو روٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'روٹ سے بہت متاثر ہوا ہوں'۔

جوروٹ نے پاکستان کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ میں دوسرے ٹیسٹ میں 254 رنز کی یاد گار اننگز کھیلی تھی جبکہ انگلینڈ نے اس میچ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔

یہ خبر 28 جولائی کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024