• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

قائم علی شاہ کا استعفیٰ منظور

شائع July 27, 2016

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے گورنر سندھ عشرت العباد کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا جسے انہوں نے منظور کر لیا۔

قائم علی شاہ اپنی کابینہ کے ارکان نثار کھوڑو، ناصر شاہ، مکیش کمار چاؤلہ، منظور وسان اور دیگر کے ہمراہ گورنر ہاؤس پہنچے اور اپنا استعفیٰ عشرت العباد کو پیش کیا۔

اس موقع پر سندھ کے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

گورنر سندھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے—۔ڈان نیوز
گورنر سندھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے—۔ڈان نیوز

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عشرت العباد نے کہا کہ سیاست تجربہ کا دوسرا نام ہے اور قائم علی شاہ جیسا تجرہ بہت کم سیاستدانوں کو حاصل ہے، ان کا کہنا تھا کہ قائم علی شاہ کے ساتھ کام کا تجربہ بہت اچھا رہا، جو ہمیشہ سب کے کام آئے گا۔

انھوں نے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے حوالے سے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ کابینہ کے لیے بہترین افراد کا چناؤ کریں گے۔

گورنر سندھ نے مزید بتایا کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس 29 جولائی کو سہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا ہے، جس کے دوران نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا جائے گا۔

قائم علی شاہ کے استعفیٰ کے ساتھ ہی سندھ کابینہ بھی تحلیل ہو جائے گی، جس کے بعد کابینہ میں نئے چہرے بھی سامنے آنے کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں، تاہم وہ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب تک قائمقام وزیراعلیٰ کے طور پر فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔

مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی کا وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کا اعلان

یاد رہے کہ رواں ہفتے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے دبئی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سمیت صوبائی کابینہ میں تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ خان بابر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مذکورہ اجلاس طلب کیا، جس میں قائم علی شاہ کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے علاوہ پارٹی کی دیگر اعلیٰ قیادت بھی موجود تھی۔

یہ بھی پڑھیں:'وزیراعلیٰ کی تبدیلی قائم علی شاہ کی اپنی خواہش تھی'

یاد رہے کہ قائم علی شاہ 3 مرتبہ وزیراعلیٰ سندھ کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں، وہ 1988، 2008 اور 2013 کے عام انتخابات کے بعد اس منصب پر فائز ہوئے۔

قائم علی شاہ سندھ کے واحد وزیر اعلیٰ جو گزشتہ دور حکومت یعنی 2008 سے 2013 تک اپنی 5 سالہ مدت مکمل کر چکے ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت کی جانب سے ان کو عہدے سے برطرف کرنے کے فیصلے کے بعد اب وہ دوسری دفعہ یہ ریکارڈ قائم کرنے سے محروم رہیں گے۔

مزید پڑھیں:مراد علی شاہ وزیراعلیٰ سندھ نامزد

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صوبہ سندھ کے نئے وزیر اعلیٰ کے لیے مراد علی شاہ کی نامزدگی کا اعلان کرچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024