• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

امریکا،پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری کے فروغ کیلئے تیار

شائع July 26, 2016

اسلام آباد: امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری میں بہتری اور اسے فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

وزارت خارجہ سے جاری اعلامیے میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ لاؤس کے دارالحکومت وینٹیانے میں آسیان ریجنل فورم منسٹریل میٹنگ کے دوران سائڈ لائن ملاقات میں سرتاج عزیز اور جان کیری نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی وزیر خارجہ نے سرتاج عزیز کو یقین دہانی کرائی کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری میں بہتری اور اسے فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں، امریکا

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سرتاج عزیز اور جان کیری کے درمیان ملاقات میں افغانیوں کی قیادت میں افغان مصالحتی عمل کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی۔

جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کی بھی تعریف کی اور قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کوششوں کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاک ۔ امریکا تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ جان کیری نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کا جائزہ لینے اور علاقائی مسائل پر بات چیت کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: 'پاکستان اور امریکا کے تعلقات غیر متوازی'

واضح رہے کہ کانگریس کی مخالفت کے بعد امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ایف 16 طیاروں کا معاہدہ منسوخ کرنے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات اونچ نیچ کا شکار ہے۔

امریکی انتظامیہ کو پاکستان سے یہ بھی شکایت ہے کہ وہ حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ کے خلاف کارروائی نہیں کر رہا اور اسی وجہ سے پاکستان کی مالی امداد بھی محدود کری گئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024