• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

ہندوستان:’سفارتی عملہ اسلام آباد کے اسکول سے اپنے بچوں کو اٹھالے‘

شائع July 25, 2016

نئی دہلی: پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مسئلہ کشمیر اور دیگر معاملات پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تناؤ کا ثبوت سامنے آگیا اور ہندوستانی حکومت نے پاکستان میں تعینات اپنے سفارتی عملے اور عہدیداروں کو اپنے بچوں کو اسلام آباد کے مقامی اسکولوں سے اٹھانے کی ہدایت کردی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں حکومتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان میں تعینات ہندوستانی حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو یا واپس ہندوستان بھیج دیں یا خود ہی واپس آجائیں۔

ایک حکومتی عہدیدار نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان میں تعینات کوئی بھی ہندوستانی عہدیدار اپنے بچوں کو پاکستان میں اپنے ہمراہ نہیں رکھ سکتا، اور جو پاکستان میں تعینات ہونے کی خواہش رکھتا ہے اسے بھی یہ ذہن میں رکھنا چاہیے، تاہم میاں بیوی فی الحال پاکستان میں ایک ساتھ رہ سکتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت اسلام آباد کے امریکی اسکولوں میں ہندوستانی سفارتی حکام کے تقریباً 50 بچے زیر تعلیم ہیں، جبکہ ہندوستانی عہدیداران نے اس امکان کو بھی رد نہیں کیا ہے پاکستان بھی نتیجتاً، ہندوستان سے اپنے سفارتکاروں کے بچوں کو واپس بلانے کے احکامات جاری کرے گا۔



پاکستان میں تعینات کوئی بھی ہندوستانی عہدیدار اپنے بچوں کو اپنے ہمراہ نہیں رکھ سکتا،

حکومتی عہدیدار

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ تمام ممالک کے لیے عام بات ہے کہ وہ اپنے سفارتی عملے اور دیگر متعلقہ پالیسیوں کا، تعینات ممالک کے حالات اور صورتحال کے مطابق جائزہ لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ہندوستان ہائی کمیشن میں تعینات عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے ملک میں انتظامات کریں۔

ان کا کہنا تھا اگرچہ یہ فیصلہ 2015 میں کیا گیا تھا، تاہم سفارتی عملے کو متبادل انتظامات کرنے کے لیے وافر وقت دیا گیا۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ ہندوستانی حکومت، پاکستان میں ہندوستان سے بڑھتی ہوئی نفرت کے باعث آئندہ چند روز میں ممکنہ مظاہروں کے باعث کوئی چانس نہیں لینا چاہتی، جبکہ چند مظاہروں میں تو ہندوستان کے خلاف جہاد کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی اسکولوں سے ہندوستانی سفارتی عہدیداروں کے بچوں کو اٹھانے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کشمیر میں کشیدگی کے باعث ہنگامہ آرائی جلد کم ہوتی نظر نہیں آرہی، جس کے باعث احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

’بچوں کو اسکول نہ بھیجنا ہندوستانی ہائی کمیشن کا اندرونی معاملہ‘

پاکستانی دفترخارجہ نے ہندوستانی سفارتی عملے کے بچوں کو اسکول نہ بھیجنے کو ہندوستانی ہائی کمیشن کا اندرونی انتظامی معاملہ قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں پاکستانی ہائی کمیشن کو اس حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دی گئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024