• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

راجیش کھنہ کو ’برا اداکار‘ کہنے پر نصیرالدین شاہ کی معافی

شائع July 25, 2016
بولی وڈ اداکار نصیرالدین شاہ اور اداکارہ ٹوئنکل کھنہ — فوٹو بشکریہ/ بولی وڈ لائف
بولی وڈ اداکار نصیرالدین شاہ اور اداکارہ ٹوئنکل کھنہ — فوٹو بشکریہ/ بولی وڈ لائف

ممبئی: بولی وڈ کے معروف اداکار نصیرالدین شاہ نے حال ہی میں اپنے وقت کے کامیاب اداکار راجیش کھنہ کو ایک بیان میں ’برا اداکار‘ کہہ ڈالا۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق نصیر الدین شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا، ’70 کی دہائی میں، جب ہندی سینما میں اوسط درجے کی فلمیں لگنا شروع ہوئیں، اسی دوران راجیش کھنہ نامی اداکار اس انڈسٹری کا حصہ بنے، ان کی تمام کامیابیوں کو دیکھتے ہوئے مجھے لگتا ہے کہ راجیش کھنہ ایک بہت ہی محدود صلاحیتوں کے حامل اداکار تھے، بلکہ وہ ایک برے اداکار تھے، وہ بہت زیادہ الرٹ رہنے شخص نہیں تھے، فلموں میں ان کے انتخاب نے بولی وڈ صنعت پر راج کیا‘۔

واضح رہے کہ آنجہانی راجیش کھنہ نے بولی وڈ کی کامیاب فلموں میں کام کیا ہے جس میں 1969 کی فلم ’آرادھیا‘، 1971 کی فلم ’ہاتھی میرے ساتھی‘ اور 1971 کی فلم ’آنند‘ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: نصیرالدین شاہ کے دلچسپ انکشافات

نصیرالدین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ’فلموں کے اسکرپٹ، میوزک اور شاعری سب کا معیار گر گیا اور ان میں رنگ بھردیئے گئے، آپ جامنی رنگ کا لباس پہننے والی ہیروئن اور سرخ رنگ کی شرٹ پہننے والا ہیرو لیں اور انہیں کشمیر لے جائیں اور فلم بنالیں، آپ کو کہانی کی ضرورت نہیں، یہی ٹرینڈ جاری رہا اور راجیش کھنہ کا اس سے گہرا تعلق ہے کیوں کہ وہ اُن دنوں سب سے بڑے اداکار تھے‘۔

نصیرالدین شاہ کا یہ بیان راجیش کھنہ کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ کو کافی ناگوار گزرا جس کے بعد اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نصیرالدین کو کھری کھری سنادی۔

ٹوئنکل کا کہنا تھا کہ ’سر، اگر آپ زندہ لوگوں کی عزت نہیں کرسکتے تو کم از کم مردہ لوگوں کی تو عزت کرلیں، ایک ایسے شخص پر الزام لگانا بہت غلط بات ہے، جو جواب بھی نہیں دے سکتا‘۔

ٹوئنکل کی اس ٹوئیٹ کے بعد نصیرالدین نے راجیش کھنہ کے حوالے سے اپنے بیان کے بعد معافی بھی مانگی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں ان سب سے معافی مانگتا ہوں جن کو ذاتی طور پر میرا بیان پسند نہیں آیا، میری نیت راجیش کھنہ کو برا کہنے کی نہیں تھی‘۔

تاہم ٹوئنکل کا غصہ شاید نصیرالدین شاہ کی معافی سے بھی ٹھنڈا نہیں ہوا۔

انہوں نے ایک اور ٹوئیٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’مسٹر شاہ کی اصلیت کے حوالے سے میں یہ کہنا چاہوں گی کہ میرے والد نے سینما سے محبت کی اور آنند، امر پریم، کٹی پتنگ جیسی فلموں میں کام کیا'، ساتھ ہی انھوں نے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ ٹوئنکل کھنہ اور نصیرالدین شاہ نے ایک ساتھ کسی فلم میں کام نہیں کیا تاہم ٹوئنکل کی والدہ ڈمپل کپاڈیا اور شوہر اکشے کمار، نصیرالدین شاہ کے ساتھ متعدد فلموں میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

یمین الاسلام زبیری Jul 25, 2016 05:24pm
میں راجیش کھنہ کو اگرچہ پسند کرتا تھا اور ان کی سیدھے سادے شخص کی اداکاری اچھی لگتی تھی لیکن حقیقت یہی ہے کہ وہ ایک اعلی اداکار نہیں تھے۔ نصیر الدین شاہ ٹھیک کہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024