امریکا: نائٹ کلب میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک
فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے نائٹ کلب میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ریاست فلوریڈا کی کاؤنٹی فورٹ مائیرز کے 'کلب بلیو' میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں ملوث شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات ساڑھے 12 بجے کے قریب پیش آیا، جبکہ واقعے میں ملوث دوسرے شخص کو تلاش کیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ اُس وقت ہوئی، جب کلب میں نوجوانوں کی پارٹی جاری تھی۔
حالیہ دنوں میں امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
رواں ماہ 17 جولائی کو بھی امریکا کی ریاست لوزیانا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دیگر 5 زخمی ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں:امریکا:ہم جنس پرستوں کے کلب میں فائرنگ، 50 ہلاک
اس سے قبل گذشتہ ماہ 12 جون کو امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوبی شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں فائرنگ سے 50 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے تھے۔