• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

جرمنی : 27 سالہ شامی باشندے کا خود کش حملہ

شائع July 25, 2016
حملہ آور نے جرمنی میں پناہ کی درخواست دی تھی جو مسترد ہوگئی تھی —فوٹو/ اے پی
حملہ آور نے جرمنی میں پناہ کی درخواست دی تھی جو مسترد ہوگئی تھی —فوٹو/ اے پی

برلن : جرمنی میں ایک ہفتے کے دوران چوتھا پرتشدد واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 27 سالہ شامی باشندے نے میوزک فیسٹیول کے باہر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس حملے میں 12 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 3 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جرمنی کی جنوب مشرقی ریاست باویریا کے شہر اینز باچ میں پیش آیا، جہاں ایک امریکی فوجی اڈہ بھی موجود ہے۔

پولیس اہلکار دھماکے کے بعد جائے وقوع کا جائزہ لے رہے ہیں—فوٹو / اے پی
پولیس اہلکار دھماکے کے بعد جائے وقوع کا جائزہ لے رہے ہیں—فوٹو / اے پی

اس واقعے کے بعد جرمن شہریوں نے چانسلر اینجیلا مرکل کی مہاجرین کو خوش آمدید کہنے کی پالیسی پر تنقید شروع کردی ہے۔

باویریا کے وزیر داخلہ جاؤکھم ہرمین کا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک خوف ناک بات ہے کہ جرمنی میں پناہ لینے کے لیے آنے والے شخص نے جرمن شہریوں کو ہی نشانہ بنایا۔

ہرمین نے مزید بتایا کہ حملہ آور 2 برس قبل جرمنی میں داخل ہوا تھا اور اس نے پناہ کی درخواست دی تھی تاہم گزشتہ برس اس کی پناہ کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی: شاپنگ سینٹر میں فائرنگ، 9 افراد ہلاک

انہوں نے بتایا کہ یہ شخص پہلے بھی 2 بار خود کشی کی کوشش کرچکا ہے اور ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ اس حملے میں وہ صرف اپنی جان لینا چاہتا تھا یا اس کا نشانہ جرمن شہری تھے۔

ہرمین نے کہا کہ ابھی حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی لیکن وہ کچھ عرصے سے اینز باچ میں مقیم تھا اور اس حملے میں دہشت گردی کا عنصر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ حملہ آور کا بیگ دھماکا خیز مواد سے بھرا ہوا تھا اور تفتیش کار حملے کے محرکات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: جرمن ٹرین پر حملہ کرنے والا پاکستانی ہوسکتا ہے، انتظامیہ

امریکی خفیہ ایجنسی کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تفتیش کار تین پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، پہلا یہ کہ جرمنی آنے سے قبل وہ شام میں کیا کرتا تھا، اس کی پناہ کی درخواست کیوں مسترد ہوئی اور اس کے حملے کے پیچھے ذاتی وجوہات تھیں یا سیاسی۔

حملہ آور کو فیسٹیول میں شرکت سے روکا گیا

ہرمین نے بتایا کہ مذکورہ شامی باشندے کو فیسٹیول میں شرکت سے روک دیا گیا تھا اور اس کے کچھ دیر بعد ہی اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

فیسٹول میں 2 ہزار سے زائد لوگ شریک تھے جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا۔

شامی باشندے کے ہاتھوں حاملہ خاتون قتل

گزشتہ روز بھی 21 سالہ شامی پناہ گزین نے اسٹٹ گارٹ کے قریب چاقو کے وار سے ایک حاملہ خاتون کو ہلاک اور دو افراد کو زخمی کردیا تھا۔

ایک ہفتے قبل ایک اور پناہ گزین جس کا تعلق افغانستان یا پاکستان سے ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا، نے جنوبی جرمنی میں کلہاڑی سے حملہ کرکے پانچ افراد کو زخمی کردیا تھا اور پولیس کی جوابی کارروائی میں مارا گیا تھا۔

دوسری جانب گذشتہ ہفتے بھی میونخ کے ایک شاپنگ مال میں 18 سالہ ایرانی نژاد جرمن نوجوان نے فائرنگ کرکے 9 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔


کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024