• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

الیکشن کمیشن میں خاتون رکن کی تقرری متوقع

شائع July 24, 2016

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان میں خاتون رکن کی تقرری متوقع ہے اور اس حوالے سے پارلیمانی کمیٹی جلد انتخابی عمل کو حتمی شکل دینے والی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے ہوگیا ہے اور فریقین کی جانب سے 12 ناموں پر مشتمل علیحدہ علیحدہ فہرستیں پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دی گئی ہیں جن میں ہر صوبے کیلئے ایک نام مشترک ہے۔

انتہائی باخبر ذرائع نے بتایا کہ بھیجی جانے والی فہرستوں میں ناموں کی ترتیب مختلف ہوسکتی ہے لیکن ہر صوبے کیلئے ایک نام دونوں فہرستوں میں مشترک ہے۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن غیر فعال:چیف جسٹس کا معاملے پر ازخود نوٹس

ذرائع نے بتایا کہ فہرستوں میں جو نام مشترک ہیں ان میں ایک خاتون بھی شامل ہیں جو الیکشن کمیشن کی رکن بن کر تاریخ رقم کرسکتی ہیں، ایک بڑی سیاسی جماعت نے تجویز دی ہے کہ کمیشن میں اعلیٰ سطح پر خواتین کی بھی نمائندگی ہونی چاہیے۔

ایک اور ذریعے نے انکشاف کیا کہ جن خاتون کا نام فہرست میں شامل ہے ان کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے، وہ ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ ہیں اور پہلی اور واحد سیکریٹری ڈیفنس رہنے کا اعزاز رکھتی ہیں۔

حکومت کے مطابق الیکشن کمیشن کے چار ارکان کی مدت ملازمت 10 جون کو ختم ہوچکی ہے، قانون کے تحت نئے ارکان کا انتخاب 45 یوم کے اندر ہونا ضروری ہے اور اس لحاظ سے 25 جولائی تک نئے ارکان کی تقرری ہوجانی چاہیے۔

آئین کے آرٹیکلز 213 اور 218 چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہیں۔

قانون کے تحت وزیر اعظم اس بات کے پابند ہیں کہ وہ اپوزیشن رہنمائوں سے مشاورت کے بعد ہر خالی عہدے کیلئے تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجیں جو کسی ایک نام کی منظوری دے گی۔

اگر وزیر اعظم اور اپوزیشن میں اتفاق رائے نہ ہوسکے تو دونوں کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کو علیحدہ علیحدہ فہرستیں بھیجی جاتی ہیں۔

اس حوالے سے 25 جولائی کو پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس کی سربراہی وزیر اطلاعات پرویز رشید کریں گے اور ان کے پاس ہر صوبے کیلئے ایک نام کی منظوری دینے کیلئے محض چند گھنٹے ہی ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن کے چار ارکان کی ریٹائرمنٹ سے قبل صدر پاکستان ممنون حسین نے 22 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی تھی جس کے تحت تقرری کیلئے اہلیت کے معیار کو تبدیل کیا گیا تھا۔

نئے قانون کے تحت سرکاری ملازمین اور ٹیکنوکریٹس چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے رکن بننے کے اہل ہوں گے جبکہ سپریم کورٹ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججز بھی ان عہدوں پر فائز ہوسکتے ہیں۔

ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن کے چار میں سے دو ارکان ڈھائی برس بعد ریٹائر ہوجائیں گے جبکہ بقیہ دو ارکان دو سال بعد ریٹائر ہوں گے اور ایسا صرف ایک بار ہوگا، اس سے قبل الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان ایک ہی وقت میں ریٹائر ہورہے تھے۔

الیکشن کمیشن چاروں ارکان کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے غیر فعال ہے اور ضمنی انتخابات کا انعقاد تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم پاکستان اور ان کے اہل خانہ کے آف شور اسکینڈؒل میں نام سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی جانب سے ان کی نااہلی کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت بھی نئے ارکان کی تقرری تک ملتوی کردی گئی ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ آئندہ ہفتے عہدے سنبھالنے کے بعد الیکشن کمیشن کے نئے ارکان پر کام کا بوجھ بہت زیادہ ہوگا۔

یہ خبر 24 جولائی 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی


کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024