راجن پور میں پولیس کی کارروائی، 5 ’دہشت گرد‘ ہلاک
ملتان: صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور میں پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرکے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر راجن پور کے کرد چوک کے قریب کارروائی کی، جہاں دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب: القاعدہ کے مزید 6 دہشت گرد ہلاک
پولیس اہلکاروں نے بھی دہشت گردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق تھا اور وہ صوبے میں حساس تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 3 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب رہے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: اوکاڑہ میں پولیس مقابلہ، القاعدہ کے 6 'دہشت گرد' ہلاک
سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ہلاک دہشت گردی کے قبضے سے جدید اسلحہ، بارودی مواد اور دستی بم بھی برآمد ہوئے۔
قبائلی علاقوں اور کراچی کے بعد گذشتہ دنوں جنوبی پنجاب میں بھی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا۔
پنجاب میں آپریشن کا فیصلہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی میں ملوث کسی شخص سے رعایت نہیں برتی جائے گی اور نہ ہی کوئی اثرو رسوخ برداشت کیا جائے گا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت پورے صوبے کو دہشت گردی سے پاک کیا جائے، جبکہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے۔
تبصرے (1) بند ہیں