سوات میں 2 ریموٹ کنٹرول دھماکے، ایک اہلکار ہلاک
مینگورہ: سوات کے شہر مینگورہ کی وادی کالام میں سڑک کنارے یکے بعد دیگرے 2 ریموٹ کنٹرول دھماکوں کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق تحصیل کالام کے نواحی علاقے باہان میں دوپہر 2 بجے سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اہلکار عارف ہلاک جبکہ2 زخمی ہوئے۔
اس سے قبل دوسرا دھماکا صبح 11 بجے گاگرہ تحصیل کے ناظم سید سالار جہاں کی گاڑی کے قریب ہوا، جب وہ اپنے رشتے داروں کے ہمراہ اس علاقے سے گزر رہے تھے۔
سید سالار جہاں اور ان کے دو رشتے داروں سید امداد جہاں اور شہزاد نیازی کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ گاگرہ تحصیل کے ناظم ہی بم دھماکے کا ہدف تھے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوجی اہلکار کی ہلاکت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔
خیبر پختونخوا کے گورنر نے دھماکے کو دہشت گروں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔
یہ خبر 23 جولائی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی
تبصرے (1) بند ہیں