آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ ختم
مظفرآباد: آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ پرامن انداز میں ختم ہوگئی۔
انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا، تاہم پولنگ اسٹیشنوں میں موجود ووٹرز کو مقررہ وقت کے بعد بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔
قانون ساز اسمبلی کی 41 نشستوں کے بلاواسطہ انتخابات کے لیے 423 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔
آزاد کشمیر میں 29 جبکہ پاکستان میں 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔
الیکشن کے لیے 5 ہزار 427 پولنگ اسٹیشنز اور 8 ہزار 46 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے، جہاں 27 لاکھ سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔
ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا حتمی اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے 41، حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے 38، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 28 اور مسلم کانفرنس کے 8 امیدوار میدان میں تھے جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف)، مجلس وحدت المسلمین اور جماعت اسلامی نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کیے۔
انتخابات میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات تھی جبکہ رینجرز، فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اور پولیس کے 36 ہزار اہلکار بھی تعینات کرکے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
اس سے قبل انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور مسلم کانفرنس نے جلسوں کے ذریعے اپنی سیاسی طاقت کامظاہرہ کیا جبکہ مسلم لیگ (ن) نے بھی آزاد کشمیر کا میدان کھلا نہ چھوڑا۔