اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی غلام صادق خان نااہل قرار
مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر غلام صادق خان کو دوہری تنخواہ لینے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر انتخابی عمل کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔
حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار خان بہادر خان کی جانب سے آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں دائر کی گئی پٹیشن پر جسٹس اظہر سلیم بابر اور تبسم آفتاب علوی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔
واضح رہے کہ سردار خان بہادر خان نے عدالت عالیہ میں دائر کی گئی پٹیشن میں موقف اختیار کیا تھا کہ سردار غلام صادق نے 2008 سے 2011 کے دوران (31 ماہ تک) وزیراعظم پاکستان کے مشیر کی حثیت سے تنخواہ لی اور ساتھ ہی وہ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے رکن کی حثیت سے بھی تنخواہ لیتے رہے۔
پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 2 تنخواہیں لینے کی وجہ سے سردار غلام صادق صادق و امین نہیں رہے، لہذا انھیں نااہل قرار دیا جائے۔
مذکورہ کیس کی سماعت تقریباً ڈیڑھ ماہ تک جاری رہی، جس کے بعد آج عدالت نے فیصلہ سنایا، جس کے مطابق آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسملی کے اسپیکر سردار غلام صادق کو انتخابی عمل کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔
سردار غلام صادق فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اپنے خلاف 2 تنخواہوں کے حوالے سے میڈیا رپورٹس سامنے آنے پر سردار غلام صادق نے مذکورہ عرصے کے دوران لی گئی تنخواہ کے 22 لاکھ روپے جمع کروادیئے تھے۔
سردار غلام صادق ایل اے 18 سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار ہیں۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات رواں ماہ 21 جولائی کو پاک فوج کی زیر نگرانی ہوں گے۔