دہشتگردی کے خلاف جنگ انجام تک پہنچائوں گا، وزیر اعظم
اسلام آباد: افغان صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کیا اور انہیں آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملے کے ماسٹر مائنڈ عمر نارے کے مارے جانے کے حوالے سے بتایا۔
وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اشرف غنی کا ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس پاکستان اور پوری دنیا کے لیے ایک انتہائی افسوسناک واقعہ تھا، جن کے قصورواروں کو انجام تک پہنچا دیا گیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے پر افغان صدر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی پبلک اسکول کا ماسٹر مائنڈ امریکی حملے میں ہلاک
یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے عسکریت پسندوں نے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرکے 140 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، جن میں سے زیادہ تر معصوم بچے تھے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اپنی سرزمین سے آخری دہشت گرد تک کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور ملک کی سیکیورٹی فورسز نے اس مقصد کے لیے انگنت قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان دونوں کے لیے خطرہ ہے، جس کا مضبوط روابط کے ذریعے خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
افغان صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم کی صحت سے متعلق بھی دریافت کیا۔
مزید پڑھیں: آرمی پبلک اسکول حملے کے ماسٹر مائنڈ کی ہلاکت کی تصدیق
واضح رہے کہ دو سینئر سیکیورٹی عہدیداروں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں معصوم بچوں کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے ماسٹر مائنڈ عمر نارے کی افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔
مذکورہ عہدیداروں نے ڈان کو بتایا تھا کہ ہفتے کو افغانستان کے صوبہ ننگر ہار کے علاقے بندار میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں عمر نارے کے ساتھ ایک اور عسکریت پسند رہنما قاری سیف اللہ بھی مارا گیا۔
بعد ازاں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی عمر نارے کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ریزولوٹ سپورٹ مشن (آر ایس ایم) کے کمانڈر نے رابطہ کیا اور عمر نارے عرف خلیفہ عمر عرف خالد خراسانی کی افغانستان میں ڈرون حملے میں مارے جانے کی تصدیق کی۔