• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

پاکستان کے خلاف نفرت انگیز بیانات پر چوہدری نثار کی مذمت

شائع July 15, 2016
وزیر داخلہ چوہدری نثار امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلے سے ملاقات کے  موقع پر—۔فوٹو/ اے پی پی
وزیر داخلہ چوہدری نثار امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلے سے ملاقات کے موقع پر—۔فوٹو/ اے پی پی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے امریکی قانون سازوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف نفرت انگیر بیانات پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں بہت بڑی قیمت چکائی ہے۔

وزیر داخلہ نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلے سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں بہت بڑی قیمت چکانی پڑی لیکن افسوس کی بات ہے کہ امریکی کانگریس کا ایک پینل دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے لاعلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور فوجی جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے لیکن امریکی قانون سازوں نے پاکستانیوں کی جانب سے دی گئی قربانیوں کے بارے جاننے کی کوشش ہی نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: ’امریکاپاکستان کوامداد دینا بند کر دے‘

یاد رہے کہ رواں ہفتے امریکی ایوان نمائندگان کی دہشت گردی، جوہری عدم پھیلاؤ، تجارت اور ایشاء پیسفک سے متعلق ذیلی کمیٹیوں نے مشترکہ طور پر ایک مباحثے بعنوان ’پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کا دوست ہے یا دشمن؟' کا انعقاد کیا تھا۔

امریکی کانگریس کے ایک پینل نے اس مباحثے میں مطالبہ کیا تھا کہ اگر پاکستان اپنی سرزمین پر افغان طالبان کے خلاف کارروائی نہیں کرتا تو امریکا کو پاکستان کو ہر قسم کی امداد دینی بند کردینی چاہیے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے خبردار کیا کہ امریکی قانون سازوں کے اس طرح کے بیانات سے نہ صرف پاکستانیوں کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آسکتا ہے بلکہ خطے میں امن کے قیام کوششوں میں بھی رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں : پاکستان دوست یا دشمن؟ امریکی قانون سازوں کا سوال

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے اور مستقبل میں خطے کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے جن میں پاکستان کو بڑی کامیابی بھی ملی ہے۔

اس موقع پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلے نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کوششوں خاص طور پر آپریشن ضرب عضب کا اعتراف کرتا ہے۔

ملاقات میں پاک-امریکا تعلقات، مشترکہ تعاون اور خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈیوڈ ہیلے نے وزیر داخلہ اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے امیگریشن اور علاقوں میں سیکیورٹی کی صورتحالی کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

ادھر وزیر داخلہ چوہدری نثار نے چینی اسٹیٹ سیکیورٹی کے وزیر جینگ ہوئی چنگ سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے خلاف کئی سازشیں کی جارہی ہیں، علاقائی اورعالمی طاقتیں اپنے مفادات کے لیے سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا چاہتی ہیں، ہمیں ان کے عزائم کو روکنے کے لیے اس حوالے سے محتاط رہنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سیاسی پارٹیاں سی پیک پر باہمی اختلافات ختم کریں، چین

انہوں نے کہا کہ ’سی پیک منصوبے کی تکمیل سے پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط اور ملکی معشیت مستحکم ہوگی اور عالمی مارکیٹ میں تجارت کو بڑھانے میں بھی یہ مددگار ثابت ہوگا۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سی پیک منصوبہ نہ صرف فلیگ شپ پراجیکٹ ہے بلکہ اس پراجیکٹ کا مقصد پاک-چین تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

وزیر داخلہ نے پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی زیر نگرانی ایک اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن ٹیم سی پیک منصوبے سمیت دیگر پروجیکٹس پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کررہی ہے۔

چینی اسٹیٹ سیکیورٹی کے وزیر جینگ ہوئی چنگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

یہ خبر 15 جولائی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024