'برطانیہ میں ریفرنڈم ہوگیا مگر کسی کو کشمیر یاد نہیں'
راولا کوٹ: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمیں بلاول بھٹو زرداری نے الزام لگایا ہے کہ مسلم لیگ نواز کی کشمیر دشمن پالیسی جاری ہے اور وزیراعظم نواز شریف کے دوست نریندر مودی کی حکومت جموں کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے۔
راولا کوٹ میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 35 کشمیریوں کے قتل پر وزیراعظم نے 4 دن بعد بیان دے کر جان چھڑائی اور نواز شریف کی یہ خاموشی مودی کی حکومت کی حمایت کے مترادف ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی دہشت گردی کو نوازشریف کی خاموش حمایت حاصل ہے اور مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔
مزید پڑھیں: کشمیر میں کرفیو برقرار، ہلاکتیں 34 ہوگئیں
پی پی پی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں ریفرنڈم ہوگیا مگر کسی کو کشمیر کی یاد نہیں آئی۔
راولا کوٹ میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ہندوستانی فورسز نے ظلم کی انتہا کردی لیکن پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ جموں کشمیر شرح خواندگی میں پاکستان کے تمام صوبوں سے آگے ہے اور آئندہ 2 سال میں ڈاکٹروں کی تعداد کے حوالے سے بھی کشمیر آگے ہوجائے گا۔
پی پی پی کے چیئرمین نے پارٹی کارکنوں کو رواں ہفتے جمعہ کے دن کشمیر میں ہندوستانی جارحیت کے خلاف مظاہروں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیر میں ہندوستان کی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔
انھوں نے اپنی الیکشن مہم کے حوالے سے الزام لگایا کہ ن لیگ کی پالیسی میں کشمیر کہیں بھی نہیں ہے اور الیکشن میں ن لیگ کی جیت سے مودی سرکار کی حمایت کا پیغام جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میٹرو کے سوا کوئی منصوبہ ن لیگ کا نہیں، تمام پیپلزپارٹی کے منصوبے تھے، جنھیں صرف جاری رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’دنیا کشمیریوں کی آزادی کی خواہش کا احترام کرے‘
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کا کسان پیکیج محض دھوکا نکلا، زرعی پاکستان کا کسان برباد ہوا رہا ہے، اور ن لیگ کی حکومت اجناس ہندوستان سے منگوا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ نواز شریف صرف ایک تاجر ہیں، جو اپنا ذاتی مفاد چاہتے ہیں، اگر وزیراعظم عوامی ہوتے تو انہیں پتا ہوتا کہ عوام کس حال میں ہیں۔
بلاول بھٹو اور میر واعظ عمر فاروق کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری حریت پسند رہنما اور آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے چیئرمین میر واعظ محمد عمر فاروق سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
سری نگر سے اے پی ایچ سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے میر واعظ کو بتایا کہ ان کی پارٹی جمعہ کے دن ملک بھر میں ہندوستان کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف پروگرامات کا انعقاد کرے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے کشمیری عوام کو پیغام دیا کہ موجودہ کشیدہ اور مشکل صورت حال میں پاکستانی عوام اور پیپلز پارٹی کشمیری عوام اور ان کے رہنماوں کے ساتھ ہے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے میر واعظ عمر فاروق اور کشمیری عوام سے وعدہ کیا کہ اپنے نانا اور پارٹی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو اور اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی طرح وہ اور ان کی پارٹی اقوام متحدہ کی منظورہ شدہ قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے مستقبل کے فیصلے کیلئے کشمیری عوام کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتی رہے گی۔