• KHI: Zuhr 12:35pm Asr 5:03pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 4:36pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 4:41pm
  • KHI: Zuhr 12:35pm Asr 5:03pm
  • LHR: Zuhr 12:06pm Asr 4:36pm
  • ISB: Zuhr 12:11pm Asr 4:41pm

'وزیراعظم آزاد کشمیر کی نگرانی میں قتل وغارت جاری'

شائع July 10, 2016

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے پہلے گالی کا استعمال کیا اور اب گالی گولی میں تبدیل ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں پمز ہسپتال کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام لگایا کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی جانب سے گولیوں کا استعمال کیا گیا اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی نگرانی میں قتل وغارت کی جارہی ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ انتظامیہ کو پی پی پی نے تعینات کیا تھا اور ان کی سرپرستی میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔

انھوں نے چیف الیکشن کمشنر سے موجودہ انتظامیہ کو گھر بھیجنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل غیرجانبدار لوگوں کو تعینات کیا جائے۔

اس سے قبل اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 17 سے امیدوار چوہدری عزیز کی عیادت کی، وہ گزشتہ روز ضلعی حویلی میں مخالفین کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی بھی وزیراطلاعات کے ساتھ موجود تھے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز حلقہ ایل اے 16 حویلیاں میں مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے کارکنوں میں تصادم کے دوران امیدوار اسمبلی چوہدری عزیز گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد پورے حلقے میں حالات خراب ہوگئے۔

اس حلقہ سے پانچ امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، اصل مقابلہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کے امیدواروں میں ہے۔

چوہدری عزیز کے زخمی ہونے کے بعد گلڈار بازار مکمل طور پر نذر آتش کر دیا گیا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گلڈار بازار سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، اس کے علاوہ کشیدگی میں 10 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ درجنوں گاڑیاں نذر آتش کر دی گئی۔

واضح رہے کہ کشیدگی کے باعث علاقے کے تمام بازار بند ہیں اور عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہے اور پولیس حالات پر قابو پانے میں فل حال ناکام دیکھائی دے رہی ہے۔

یاد رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 29 حلقوں میں انتخابات 21 جولائی کو ہونے جارہے ہیں، جس میں سے 12 انتخابی حلقے پاکستان میں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 3 اپریل 2025
کارٹون : 31 مارچ 2025