• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

’انسانی خدمت کا روشن ترین باب بند ہوگیا‘

شائع July 9, 2016
— فوٹو: اے پی
— فوٹو: اے پی

کراچی : پاکستان کے سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی وفات پر صدر، وزیر اعظم، آرمی چیف و دیگر سیاسی رہنماؤں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ عبدالستار ایدھی نے خدمت خلق کے شعبے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے لندن سے بلقیس ایدھی کو فون کر کے عبدالستار ایدھی کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا اور ان کی خدمات کو سلام پیش کیا۔

سماجی خدمات کے اعتراف میں عبدالستار ایدھی کے لیے وزیراعظم نے نشان پاکستان کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعظم نے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا جس کے بعد آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

خیال رہے کہ معروف سماجی کارکن اور ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی چیئرمین عبدالستار ایدھی 88 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

کئی اہم سیاسی اور سماجی شخصیات نے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغامات جاری کئے۔

یہ بھی پڑھیں: عبدالستار ایدھی کا انتقال، نماز جنازہ نیشنل اسٹیڈیم میں

سندھ ، بلوچستان، خیبرپختونخوا حکومت اور پیپلز پارٹی تین روزہ سوگ مانے کا اعلان کیا جبکہ کراچی کی تاجر برادری بھی 2 روز تک کاروبار بند رکھے گی۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے عبدالستار ایدھی کو حقیقی انسانی ہمدردی رکھنے والی شخصیت قرار دیا ہے ۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا ہے کہ پاکستان قومی اثاثے سے محروم ہو گیا۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ’انسانیت کے علمبردار سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی موت پر دکھ و افسوس ہے، ان کے عظیم کارنامے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

چیئرمین آل پاکستان مسلم لیگ اور سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ عبد الستار ایدھی کی کمی کوئی پوری نہیں کر سکتا۔

قومی اسمبلی میں حزب اختلاف خورشید شاہ نے ایدھی کی موت پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی فرشتہ صفت انسان تھے، ایدھی کی خدمات کو دیکھتے ہوئے کئی لوگوں نے ان کی پیروی کی۔

جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک انسانیت کا درد رکھنے والے مخلص رہنما سے محروم ہوگیا ۔

وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے ٹوئٹ کیا کہ ’خدا حافظ عظیم انسان، خدا حافظ ہیرو، اللہ آپ کو انسانیت کی خدمت کے صلے میں جوار رحمت میں ضرور جگہ دے گا۔‘

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ انسانی خدمت کا روشن ترین باب بند ہوگیا۔

انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’ایدھی صاحب کی موت کا سن کر دلی صدمہ ہوا، وہ روح پرور اور عظیم پاکستانی تھے، انہوں نے 26 سال قبل شوکت خانم اسپتال کیلئے سب سے پہلے بڑا عطیہ دیا تھا۔‘

پاک فوج کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ نے عبدالستار ایدھی کی موت کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا عظیم ایدھی صاحب کی موت کا غم منائے گی، اللہ ان کو جنت نصیب کرے، آمین‘

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے لکھا کہ ’ ایدھی صاحب پاکستان کے کرشماتی کارکن تھے، آپ نے غریب اور مفلس عوام کے لیے اہنی زندگی وقف کردی۔‘

وزیر مملکت اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر نے لکھا کہ ’محب وطن پاکستان اور ہمارا عظیم ہیرو دنیا فانی سے کوچ گیا، اللہ ان کو جنت فردوس میں جگہ دے۔‘

متحدہ قومی مومنٹ کےکارکن واسع جلیل نے لکھا کہ ’انسانیت سے محبت کرنے والا عبد الستار اب ہم میں نہیں رہے، ان کی موت ملک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے، ان کے خدمات کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا، آمین ‘

قومی اسمبلی کے کارکن عارف علوی نے لکھا کہ ‘انسانیت کے علمبردار اور پاکستان کے ہیرو عبدالستار ایدھی نے غریبوں کی خدمت کی، اللہ ان کو جنت میں جگہ دے، میرے تمام احساسات اور جذبات ان کے خاندان اور پورے پاکستان کے ساتھ ہے۔’

معروف اینکر ریحام خان نے ایدھی کے انتقال کی خبر سنتے ہی ٹوئٹ پر لکھا کہ ’إِنَّا للهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ ‘

ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ایدھی سے زیادہ نوبیل انعام کا حقدار کوئی نہیں، انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ‘ہمیں ایدھی کے کام سے بہت کچھ سیکھنا چاہیے، یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ضرورتمندوں کی مدد کریں۔‘

سابق وزیراعظم زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے ٹوئٹ کیا کہ’ عبدالستار ایدھی کی موت کا سن کر موت افسوس ہوا، وہ عظیم انسان تھے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی انسانیت پسند انسان تھے، مجھے فخر ہے کہ میں عظیم انسان کو جانتا تھا اور میں نے ان کے ساتھ فلاحی کاموں میں حصہ لیا۔

تحریک انصاف کی شیری مزاری نے لکھا کہ عبدالستار کی موت سے ایک خلاء پیدا ہوگیا ہے جس کو کوئی بھی پر نہیں کرسکتا، ایدھی کی بے لوث انسانیت کی خدمت بے مثال تھی۔

تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ ۔ ایم کیو ایم کے اظہار الحسن اور پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے ایدھی کے انتقال کو ملک و قوم کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیا ۔


تبصرے (2) بند ہیں

KHALID MAHMOOD KHAWA Jul 09, 2016 01:31pm
’إِنَّا للهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ ‘’إِنَّا للهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ ‘’إِنَّا للهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ ‘’إِنَّا للهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ ‘’إِنَّا للهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ ‘’إِنَّا للهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ’إِنَّا للهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ ‘ ‘
NAEEM Jul 09, 2016 03:35pm
Very nice

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024