انڈونیشیا:فوجی ہیلی کاپٹر گرنے سے 3 افراد ہلاک
جکارتا: انڈونیشیا کے صوبے سینٹرل جاوا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں3 افراد ہلاک ہوگئے۔
ہیلی کاپٹر جاوا کے مرکزی شہر یوگویاکرتا کے شمال کی طرف مضافات میں گر کر تباہ ہوا۔
انڈونیشیا کی نیشنل آرمی کے میجرجنرل جاسواندی نے مقامی ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں 5 افراد سوار تھے۔
انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر ایجنسی کے ترجمان سوتوپو پوروو نگروہو نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ تین افراد ہلاک جبکہ تین مزید زخمی ہوئے ہیں جنھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مقامی ٹی وی کے مطابق ہیلی کاپٹر عمارت کی دیوار سے ٹکرایا جس کے باعث عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم حادثے کے وقت عمارت میں کوئی موجود نہیں تھا۔
دوسری جانب انڈونیشیا کے تلاش اور ریسکیو ایجنسی کے بمبنگ سولیسٹیو کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق 6 افراد سوار تھے جن میں سے 3 ہلاک ہوئے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
واضح رہے حالیہ سالوں میں انڈونیشیا کی فوج اس طرح کے طیاروں کے حادثات کا شکار رہی ہے جن میں بیشتر حادثے شہری علاقوں میں پیش آئے ہیں۔
مزید پڑھیں: انڈونیشیا: فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 13 ہلاک
رواں سال مارچ میں خراب موسم کے باعث انڈونیشین آرمی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں 13 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ اسی مہینے تربیتی پرواز کے دوران ایک طیارہ رہائشی مکان پر گرنے سے پائلٹ اور مکان میں موجود دوافراد ہلاک ہوئے تھے۔
جون 2015 میں جزیرہ سمارتا میں ہرکولیس سی 130 طیارے کے حادثے میں 142 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ علاقے میں شدید تباہی پھیلی تھی۔