عامر کو فکسر کہنے پر بی بی سی پر تنقید
لندن: برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ویب سائٹ پر محمد عامر کی 6 برس بعد انگلینڈ میں پہلے میچ میں بہترین باؤلنگ کے باوجود فکسر کہنے پر کھلاڑیوں سمیت کئی مداحوں نے سماجی ویب سائٹ پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
بی بی بی اسپورٹس نے اپنی ویب سائٹ پر سرخی لگائی تھی کہ 'اسپاٹ فکسر عامر نے واپسی کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں' جبکہ اپنے ٹویٹ میں بھی ایسے ہی جملے ’اسپاٹ فکسنگ کے سزا یافتہ محمد عامر کی فرسٹ کلاس میں وکٹوں کے ساتھ واپسی‘ کہے تھے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر روی بوپارا نے بی بی سی پر طنز کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ‘اس لڑکے نے عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا بی بی سی اسپورٹس اس پر زبردست ہیڈ لائن لگا سکتا تھا، بی بی سی اسپورٹس حکام کی سوچ پر افسوس ہے۔’
خیال رہے کہ روی بوپارا اور محمد عامر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں۔
پاکستان کے سیاست دان مسعود شریف خٹک نے اپنے تاثرات میں کہا کہ 'بہت سے سابقے برطانوی شخصیات کے ساتھ بھی لگائے جاسکتے ہیں کیا آپ ایسا کریں گے، نہیں! یہ سرخی بی بی سی کو ایک سستی شہرت کے حامل خبروں کے ادارے کی طرف دھکیل رہی ہے'۔
کرکٹ کی مداح ناز نے ٹوئٹ کیا کہ ’روی بوپارا نے درست کہا، بی بی سی اسپورٹس کچھ شرم کرے’
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ میں سمر سیٹ کے خلاف تین روزہ ٹور میچ کھیل رہی ہے، محمد عامر اور سہیل خان کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے سمر سیٹ کی بیٹنگ لائن کو پہلی اننگز میں 128 رنز پر ڈھیر کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی باؤلرز نے سمر سیٹ کی بساط لپیٹ دی
محمد عامر نے 11 اوورز میں 36 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل انگش کپتان الیسٹر کک نے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر کو خبردار کیا تھا کہ انھیں 6 سال بعد لارڈز میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر ناخوشگوار استقبال کا سامنا کرنا ہوگا۔
2010 میں محمد عامر، سابق کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف کو لارڈز میں ہی اسپاٹ فکسنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے جہاں تینوں کھلاڑیوں نے پیسوں کے عوض جان بوجھ کر نوبال کی تھی۔
برطانوی عدالت نے اسپاٹ فکسنگ کے اعتراف پر تینوں کھلاڑیوں پر 5 سال کے لیے کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کرتے ہوئے جیل بھیج دیا تھا۔
محمد عامر اور دیگر کھلاڑیوں سے گزشتہ سال ستمبر میں پابندی ہٹادی گئی تھی اور انھوں نے ڈومیسٹک میں بہترین کارکردگی کے ذریعے پاکستان ٹیم میں جگہ بنائی اور اب دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کو ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں