حج کرپشن کیس: حامد کاظمی کی درخواست ضمانت مسترد
اسلام آباد: حج کرپشن کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔
یاد رہے کہ حامد سیعد کاظمی کو حج کرپشن کیس میں 16 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی اور انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس سزا کے خلاف اپیل بھی دائر کررکھی ہے تاہم اس پر سماعت ابھی تک نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: حج کرپشن کیس:حامد کاظمی کی سزا کا فیصلہ چیلنج
علاوہ ازیں حامد سعید کاظمی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی تھی کہ جب تک ان کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت مکمل نہیں ہوتی انہیں ضمانت پر رہا کردیا جائے، اپیل کا فیصلہ خلاف آنے پر وہ دوبارہ سزا کاٹنے کے لیے تیار ہیں۔
تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی یہ درخواست مسترد کردی اور اس حوالے سے تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حامد سعید کاظمی پر الزام ہے کہ وہ حج کرپشن اسکینڈل میں ملوث تھے اور ان کی وجہ سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا، ان پر بدعنوانی کے الزام میں 15 مارچ 2011 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:حامد سعید کاظمی پر فردِ جرم عائد
2010 سے 2012 کے درمیان حج کرپشن اسکینڈل نے ملک کے سیاسی منظر نامے میں ہلچل مچادی تھی، جس کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی اور اُس وقت کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی کو وفاقی کابینہ سے نکال دیا گیا تھا۔
حامد سعید کاظمی پر بدعنوانی کے الزام میں 30 مئی 2012 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم وہ اپنی بے گناہی پر اصرار کرتے رہے لیکن جون 2016 میں انھیں 16 برس قید کی سزا سنادی گئی۔
سابق وفاقی وزیر نے جون کے آغاز میں اپیل دائر کی تھی کہ انہیں عید سے قبل ضمانت پر رہا کیا جائے، ساتھ ہی انہوں نے اپنی سزا کے خلاف بھی اپیل دائر کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: حج کرپشن کیس: ایف آئی اے کو نوٹس جاری
اپیل میں ان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ سابق وفاقی وزیر کو کرپشن کے جس جرم کی سزا دی گئی وہ انہوں نے کیا ہی نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے استغاثہ کے موقف کی تائید کی اور حامد سعید کاظمی کی سزا کے خلاف اپیل پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر اظہر چوہدری نے بتایا کہ حامد سعید کاظمی کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت ہونا باقی ہے اور رجسٹرار آفس سماعت کے لیے تاریخ مقرر کرے گا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔