• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

'شعیب اختر نے مجھے اور یوراج کو کمرے میں گھس کر مارا تھا'

شائع July 4, 2016
شعیب اختر میدان میں اپنے جارحانہ موڈ کی وجہ سے مشہور تھے—فوٹو: اے ایف پی
شعیب اختر میدان میں اپنے جارحانہ موڈ کی وجہ سے مشہور تھے—فوٹو: اے ایف پی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مشہور اسپنر ہربھجن سنگھ نے ایک ٹی وی شو میں انکشاف کیا ہے کہ انھیں اور یووراج سنگھ کو پاکستان کے فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بہت مارا تھا۔

پاکستان اور ہندوستان کرکٹ کے میدان میں سخت حریف ہیں اور دونوں ٹیمیں جیت کے لیے جان مارتی ہیں اسی لیے ان کے میچ کو دیکھنے والےدنیا بھر میں موجود ہیں جبکہ میچ کےدوران کھلاڑیوں کے الجھنے اور ایک دوسرے کو جملے کسنے کے کئی واقعات بھی پیش آتے رہے ہیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کا شمار ایسے ہوشیار کھلاڑیوں میں ہوتا تھا جو حریف ٹیم کو نہ صرف بلے بازی بلکہ جملوں سے بھی دباؤ کا شکار بنا لیتے تھے۔

شعیب اختر پاکستان کے عظیم باؤلر ہیں جنھوں نے اپنی تیز رفتار گیند بازی سے پاکستان کو کئی میچ جتوائے ہیں اور ہندوستان کے خلاف ان کی کارکردگی ہمیشہ یادگار رہی ہے خصوصاً سچن ٹنڈولکر اور ساروو گنگولی کو اپنے تیز گیندوں سے ہمیشہ شکار بنایا۔

شعیب اختر میدان میں نہ صرف تیز گیندیں کرتے تھے بلکہ ان کا ردعمل بھی جارحانہ ہوتا تھا اسی لیے مخالف کھلاڑی ان سے الجھتے بھی رہتے تھے۔

ہربھجن سنگھ نے ہندوستانی ٹی وی کے شو 'آپ کی عدالت' کے دوران کرکٹ کے میدان میں ہونے والے دلچسپ واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ 'شعیب اختر نے کہا تھا میں تمھارے کمرے میں گھس کر ماروں گا تو میں نے کہا کہ آجا دیکھ لیتے ہیں کون کس کو مارتا ہے اور میں ڈر گیا تھا کیونکہ وہ تگڑا اتنا تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ایک بار مجھے اور یورواج سنگھ کو اپنے کمرے میں پٹخ پٹخ کر بہت مارا تھا کیونکہ وہ تگڑا بہت تھا اورہماری پکڑ میں نہیں آرہا تھا وہ تو تین لوگوں کی پکڑ میں نہیں آتا تھا اور ایک بار یوراج کو پھینک دیا، یورواج مجھ سے زیادہ مضبوط ہیں ان کو پھینک دیا تو میں کونے میں جاکر کہنے لگا نہ کر نہ کر'۔

ہربھجن نے دنیا کے تیز ترین باؤلر کےساتھ میدان میں پیش آنے والے واقعے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ 'شعیب اختر نے مجھے بہت گالیاں دی، وہ ایک ایسا بندہ تھا جو ہمارے ساتھ گھل مل کر رہتا تھا ہمارے ساتھ اٹھتا بیٹھتا اور کھاتا تھا اور ہمارے بہت قریب تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'شاید ہم زیادہ قریب ہوئے تو انھوں نے یہ ضمانت لی کہ بھجی مجھے کیسے چھکا مار سکتا ہے اور جب میں نے چھکا مارا تو وہ حیران ہوئے اور اگلی دو گیندیں باؤنسر کی اس کے بعد انھوں نے گالی دی اور جواب میں میں نے بھی گالی دی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ ایک ایسا واقعہ تھا کہ میں بیان نہیں کرسکتا کیونکہ ہم بہت اچھے دوست ہیں تاہم میدان سے باہر جا کر ہم پھر دوست تھے اور سب کچھ بھول گئے'۔

ہربھجن سنگھ نے آسٹریلیا کے سابق کھلاڑیوں مک گرا، ڈیرن لیہمن، اینڈریوسائمنڈز اور رکی پونٹنگ کے ساتھ الجھنے کے واقعات بھی بتائے۔

واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم کے اینگری ینگ مین کے لقب سے مشہور ہربجھن سنگھ نے انڈین پریمیئر لیگ کے دوران اپنے ساتھی کھلاڑی سری سانت کو تھپڑ رسید کیا تھا تاہم بعد میں اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگ لی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024