• KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'عامر باکسر محمد علی کی طرح واپسی کریں گے'

شائع July 1, 2016
سلمان بٹ نے نیشنل ون ڈے کپ میں 536 رنز بنائے تھے—فوٹو: اے پی
سلمان بٹ نے نیشنل ون ڈے کپ میں 536 رنز بنائے تھے—فوٹو: اے پی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ساتھی کھلاڑی محمد عامر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایسی ہی واپسی کریں گے جیسے باکسر محمد علی نے معطلی کے بعد کی تھی۔

پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 14 جولائی سے کھیلے گی جس میں محمد عامر کی کارکردگی کو بنیادی اہمیت دی جارہی ہے۔

محمد عامر اسی جگہ سے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کررہے ہیں جہاں پر انہیں، سلمان بٹ اور محمدآصف کو 2010 میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں پکڑا گیا تھا۔

تینوں کھلاڑیوں نے پیسوں کے عوض جان بوجھ کر نو بال کرائی تھی جس پر انھیں 5 سال کے لیے کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی اور برطانیہ کی جیل بھیج دیا گیا تھا۔

عامر سمیت تینوں کھلاڑیوں کی پابندی کو گزشتہ سال ستمبر میں ہٹادی گئی جس کے بعد انہوں نے کرکٹ میں واپسی کی اور پاکستان ٹیم میں منتخب ہوئے۔

31 سالہ سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ عامر کو کھیل پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے 'وہ مختصر طرز کی کرکٹ میں اچھی باؤلنگ کر چکے ہیں اور ٹیسٹ میں بھی کرسکتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ عامر میں کوئی خامی نہیں ہے تاہم'طویل عرصے تک دوری کچھ خامیاں نمایاں کرسکتی ہے لیکن اس کا انحصار خود عامر پر ہے اور اگر انہوں نے وہی جذبہ اور عزم دکھایا جس طرح محمد علی نے دکھایا تھا تو وہ کامیاب ہوسکتے ہیں'۔

تین دفعہ کے ہیوی ویٹ چمپیئن عظیم باکسر محمد علی کو ویتنام میں امریکی فوج میں شمولیت سے انکار پر1967 سے 1970 تک باکسنگ سے معطل کیا گیا تھا۔

بٹ نے اعتراف کیا کہ عامر کو انگلینڈ میں بُرے استقبال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن ان سب چیزوں کو نظر انداز کرنا ہو گا 'جب وہ ردعمل نہیں دکھائیں گے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے تو لوگ دوبارہ ایسا نہیں کریں گے۔

عامر نے گزشتہ سال پابندی کے خاتمے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے سے قبل 6 ماہ تک ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی۔

بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بعد اب تک انھوں نے دو ون ڈے سمیت 13 میچ کھیلے ہیں جہاں انھوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کیا تھا۔

بٹ کا کہنا تھا کہ 'اس میں کوئی شک نہیں کہ محمد عامر 2010 کی طرح انگلینڈ کے خلاف پورے دورے میں پاکستان کے بنیادی باؤلر ہوسکتے ہیں'۔

بٹ نے اپنے حوالے بات کرتے ہوئے بہت جلد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی امید ظاہر کردی۔

واضح رہے رواں سال کے آغاز میں بٹ نے نیشنل ون ڈے کپ میں 536 رنز بنائے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں سخت محنت کررہا ہوں اور جس طرز کی بھی کرکٹ کھیلوں، اس میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کررہا ہوں کیونکہ ٹیم میں واپسی کا یہ واحد راستہ ہے'۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ ماہ اپنے بیان میں کہا تھا کہ بٹ اور آصف کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہترین کارکردگی پر ہی ٹیم میں شامل کرنے پر غور کیا جائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024