• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

کیا کھیروں سے بہتر کوئی غذا ہے؟

— کریٹیو کامنز فوٹو
— کریٹیو کامنز فوٹو

کبھی آپ نے کسی ایسے سستے پھل (جسے ہم سبزی سمجھتے ہیں) کے بارے میں سنا ہے جو باآسانی دستیاب ہو اور جس کا استعمال آپ کے جسم کے اندر اور باہر حیرت انگیز کمالات لاتا ہو؟

مرغن غذاؤں کے ساتھ سلاد کے طور پر کھائیں یا اپنے نونہال کو اسنیک کے طور پر دیں، تھکاوٹ سے چور آنکھوں پر رکھ کر تھکاوٹ سے چھٹکارہ حاصل کریں یا آئینہ صاف کرنے کے لیے استعمال کریں۔ کیا آپ کے گھر میں اس سے بہتر آل اِن وَن قدرتی غذا ہوسکتی ہے؟

میرے گھر کا کوئی کھانا تب تک مکمل نہیں ہوتا جب تک کھیرے کے ٹکڑے موجود نہ ہوں، جن پر نمک اور لیموں نہ چھڑکا ہو، پھر چاہے بریانی ہو، روٹی سالن یا فاسٹ فوڈ۔ میری سہیلی تو منجمند کھیرے کے گن گاتی ہے اور دن بھر کے کام کے بعد خستہ حال جلد کو ترو تازہ کرنے اور دھوپ کی تپش سے مقابلے کے لیے اس کے ٹکڑوں سے جلد پر مالش کرتی ہے جبکہ ایک رشتہ دار اپنا وزن کم کرنے کے لیے اپنے پاس 'ڈی ٹوکس' پانی کی بوتل میں کھیرے کے ٹکڑوں اور پودینے کو ملا کر اپنے ساتھ رکھتے ہیں۔

اسے ایک بہترین خوراک کے ساتھ دنیا میں قدیم اور زیادہ سے زیادہ اگائے گئے پودوں میں سے ایک مانا جاتا ہے، کھیروں میں 95 فی صد پانی شامل ہوتا ہے ، جبکہ وٹامن بی اور سی، لگنین، الیکٹرولائیٹس، پوٹاشیم، میگنیشیم، فائبر، سیلیکون اور سلفر سمیت دیگر اجزا اس کا حصہ ہیں۔

آخر آپ کو کھیرا کیوں استعمال کرنا چاہیے، آئیے اس کی کچھ وجوہات بتاتے ہیں:

ری ہائی ڈریٹ (پانی کی بحالی) اور ڈی ٹوکسی فائیز (زہریلے مواد کا اخراج)

پانی سے بھرپور کھیروں کو کھانا شدید بھوک کو ختم کرنے کا ایک زبردست طریقہ ہے اور آپ کے جسم میں پانی کی سطح بھی متوازن رکھتا ہے جو کہ ٹاکسن یا زہریلے جراثیم کو خارج کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ کھیرے میں پانی کی مقدار سے اخراجِ پیشاب میں اضافہ ہوتا ہے اور گردوں کو ٹھیک کام کرنے میں مدد ملتی ہے، حتی کہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کا باقاعدہ استعمال گردے کی پتھری کو گلا دیتا ہے۔

قوت بخش

کھیرے وٹامن بی اور سی سے بھرپور ہوتے ہیں جو جسمانی توانائی اور مستعدی کے لیے ضروری ہیں۔ اس میں موجود مٹھاس اور الیکٹرولائیٹس ضروری غذائی اجزا سے بھرپور ہوتے ہیں جو تھکاوٹ اور سر درد کے علاج میں مدد کر سکتے ہیں۔

جسمانی خوبصورتی

کھیرے کے ٹکڑے اپنی آنکھوں پر رکھیں، کیونکہ ایسا کرنے سے آنکھوں کے گرد تھکاوٹ کے آثار اور کالے حلقوں کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ کھیرے کی ورم کش خصوصیات جلد کی سوزش کو کم کرتی ہیں اور اس کے ساتھ کھیرا جھریوں کو روکنے کی بھی خصوصیات رکھتا ہے۔ یہ آپ کی جلد کا رنگ صاف رکھنے کے ساتھ ساتھ بالوں کی افزائش کا عمل تیز کرنے میں مدد کرتا ہے، یعنی بالوں کے گرنے سے پریشان افراد کے لیے بہترین نسخہ ہے۔

ایک قدرتی ڈینٹسٹ

کیا آپ پودینہ سے بھرا پیک اپنے ساتھ لانا بھول گئے؟َ کیا آپ کے منہ کو شدت سے کسی ماؤتھ فریشنر یا مہکتی سانس کی ضرورت ہے؟ تو اس قدرتی طریقے کو استعمال کر کے دیکھیں، اپنے منہ کے اندر کھیرے کے ٹکڑے کو بیچ میں رکھ کر 30 سیکنڈز کے لیے منہ کے اوپر والے حصے کو زبان پر دبائیں۔ کھیرے میں موجود فائی ٹو کیمیکلز آپ کے منہ میں موجود بیکٹریا سے لڑیں گے جو کھانے کے بعد سانسوں میں بدبو کا باعث بنتے ہیں۔ ان سب کے ساتھ کھیرا کھانے سے لعاب میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور مسوڑوں کے مسائل کو ٹھیک کر سکتے ہیں۔

آنکھوں کے لیے مفید

سبز کھال اور نرم بیج کھیرے کے سب سے زیادہ غذائیت سے بھرپور حصے ہیں جن میں فائبر اور بیٹا کیروٹین شامل ہوتا ہے جو ایک قسم کا وٹامن اے ہے جو آنکھوں کے لیے بہت مفید ہے۔

ڈائیٹ غذا

غذائی ماہرین اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ کھیرے میں قدرتی طور پر کیلوریز، کاربوہائیڈریٹس، سوڈیم، فیٹ اور کولیسٹرول کی تعداد انتہائی کم ہوتی ہے جبکہ پانی کثیر مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ لوگ جو اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں کھیرے کا استعمال کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ کھیرے کی کھال میں موجود ڈائٹری فائبر جسم کو زہریلے جراثیم سے پاک کرتا ہے، ہاضمے میں مدد فراہم کرتا ہے اور قبض کے مرض سے محفوظ رکھتا ہے۔

دل کو صحتمند رکھے

اگر کھیرے آپ کی معمول کی خوراک کا حصہ ہیں تو پھر آپ کو اپنے بلڈ پریشر کے بارے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس میں وٹامن کے، پوٹاشیم، میگنیشیم اور فائبر کا مواد آپ کا بلڈ پریشر درست رکھتا ہے۔

آپ کا اپنا ڈاکٹر

کھیروں میں موجود سلیکا جوڑوں اور کنویکٹو ٹشوز کو مضبوط کرتے ہیں۔ اسے بلینڈ کر کے ایک عمدہ جوس بنائیں جو آپ کو اس ہارمون کے فوائد دے گا جو پتے کو فراہم ہونے پر انسولین پیدا کرتا ہے اور جو ایک شوگر کے مریض کے لیے نعمت کا کام کرتی ہے۔

کینسر سے بچائے

تحقیق کے مطابق کھیروں میں ایسے کیمیائی اجزا پائے جاتے ہیں جو کئی اقسام کے کینسر کا خطرہ کم کر دیتے ہیں جن میں بریسٹ، اووریئن، یوٹیریئن اور پروسٹیٹ کینسر شامل ہیں۔ اس پھل میں کیوکر بٹیسن بھی پایا جاتا ہے جو کینسر کے خلیات کو پھیلنے سے روکتا ہے۔

گھر کی دیکھ بھال

ایک گرم شاور کے ساتھ رکھے آئینے پر کھیرے کے ٹکڑے رگڑیں، آپ دیکھیں گے کہ آپ کا آئینہ بھاپ سے دھندلا نہیں ہوگا۔ کھیرا آپ کے گھر کے دروازوں میں ہونے والی آوازوں کو خاموش کر سکتا ہے۔

آپ خود بھی کھیروں کا مزہ اٹھانے اور ان سے لطف اندوز ہونے کے طریقہ ڈھونڈ سکتے ہیں۔ مجھے کھیروں کا اچار اور سینڈ وچ یا شوارمہ کے ساتھ کھانا بہت پسند ہے۔ کچھ لوگ کھیرے کو پیاز کے ساتھ کھانا پسند کرتے ہیں کچھ لوگ دہی میں ڈبو کر کھاتے ہیں ویسے کھیروں کو ایسے ہی کھانا بھی فرحت بخش ہو سکتا ہے۔

یہ مضمون ڈان سنڈے میگزین میں 13 ستمبر 2015 کو شائع ہوا۔

انگلش میں پڑھیں

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024