• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

اکمل،ملک آئی پی ایل فرنچائز مالکان کی ٹیموں کا حصہ

شائع June 29, 2016
عمر اکمل ٹرینباگو اور شعیب ملک بارباڈوس کی نمائندگی کریں گے—فوٹو: اے ایف پی
عمر اکمل ٹرینباگو اور شعیب ملک بارباڈوس کی نمائندگی کریں گے—فوٹو: اے ایف پی

کولکتہ: ہندوستانی کرکٹ حکام کے دباؤ پر انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) میں پاکستانی کھلاڑیوں کو نہ خریدنے والے فرنچائز مالکان نے ہندوستانی حدود سے باہر پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیموں کے لیے خرید لیا ہے۔

ہندوستانی کرکٹ کے سرمایہ کار کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں بھی شامل ہیں جہاں انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کسی قسم کی ناپسندیدگی کا اظہار نہیں کیا۔

آج سے شروع ہونے والی لیگ میں انڈین فرنچائز مالکان نے بولی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کو بھی شامل کیا ہے۔

رواں سال فروری میں منعقدہ نیلامی میں چار پاکستانی کھلاڑیوں سہیل تنویر، شعیب ملک، عمراکمل اور عماد وسیم کو خریدا گیا۔

پاکستانی کھلاڑیوں کو خریدنے والی چاروں ٹیموں کی جڑیں ہندوستانی سے ملتی ہیں۔ عمر اکمل اور شعیب ملک کے فرنچائز مالکان کے پاس آئی پی ایل کی بھی دو ٹیمیں ہیں۔

مزید پڑھیں: سہیل تنویر سی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑی

سی پی ایل میں بڑے پیمانے پر ہندوستانی سرمایہ کاری گزشتہ سال دیکھنے میں آئی تھی جب ہندوستان کی سب سے بڑی موٹرکمپنی ہیرو موٹو کارپوریشن لمیٹڈ نے لیگ کے ساتھ ٹائٹل اسپانسرشپ معاہدہ کیا تھا جس کو اب 2018 تک وسعت دی گئی ہے۔

ہندوستانی تعلق

شعیب ملک بارباڈوس ٹریڈنٹ کے لیے کھیلیں گے جس کو اس سال ہندوستانی ارب پتی وجے مالیا نے خریدا ہے۔ یاد رہے اس سے قبل وہ آئی پی ایل میں ویرات کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم کے مالک تھے اور تاحال اس کے سرپرست ہیں۔

دوسری جانب افواہیں گردش کررہی ہیں کہ مالیا نے ممبئی انڈینز کی مالک نیتا امبانی کو فرنچائز دوبارہ فروخت کی تھی جب سے ہندوستانی بینک 90 ارب ہندوستانی روپے کی عدم ادائیگی پر ان کا پیچھا کررہے ہیں۔

اس کا مطلب یہی ہوا کہ شعیب ملک آئی پی ایل فرنچائز کے مالک کے لیے کھلیں گے جن کے شوہر ارب پتی مکیش امبانی ہیں جو 20.3 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ ہندوستان کے امیر ترین شخص ہیں۔

عمراکمل ٹرینباگو رائیڈرز کی جانب سے کھیلیں گے جس کے شریک مالک شارخ خان، صنعت کار جے مہتا،ان کی بیگم اور اداکارہ جوہی چاؤلہ ہیں۔

سی پی ایل میں شامل تیسرے پاکستانی عماد وسیم کو 2013 کے پہلے ایڈیشن کی چمپین ٹیم جمیکا ٹالواز نے حاصل کیا ہے جس کے مالک دو ہندوستانی نژاد امریکی منیش پٹیل اور رون پاریکھ ہیں۔

اتفاقی طورپر ہولی ووڈ اسٹار گیراڈ بٹلر کا بھی کچھ حصہ بھی جمیکا ٹالواز میں شامل ہے۔

سہیل تنویر گیانا امیزون ٹریڈنٹ کے لیے کھیلیں گے جس کے مالک رانجی سنگھ رامروپ بھی ہندوستانی ہیں جو گیانا کے بڑی کاروباری شخصیت ہیں۔

یہ خبر 29 جون کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024