• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

طیارہ تباہ کرنے کا واقعہ: ترکی کی روس سے معافی

شائع June 28, 2016
ترک صدر طیب اردگان نے افطار ڈنر کے موقع پر روس کے حوالے سے بات کی —فوٹو / رائٹرز
ترک صدر طیب اردگان نے افطار ڈنر کے موقع پر روس کے حوالے سے بات کی —فوٹو / رائٹرز

ماسکو: روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے، شامی سرحد پر روسی طیارے کو گرائے جانے کے واقعے پر روس سے معافی مانگ لی۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق روسی صدر کے ترجمان دیمیتری پیسکوو نے صحافیوں کو بتایا کہ ولادی میر پیوٹن کو رجب طیب اردگان کا پیغام ملا، جس میں انہوں نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے پائلٹ کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ترکی نے پیٹھ میں خنجر گھونپا، روسی صدر

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ترکی نے مبینہ طور پر سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر شامی سرحد پر روسی جنگی طیارہ ’سو 24‘ مار گرایا تھا۔

روس نے طیارے گرائے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترکی سے معافی کا مطالبہ کیا تھا، تاہم معافی نہ مانگے جانے پر روس نے دوطرفہ تجارتی اور سیاحتی تعلقات ختم کردیے تھے۔

روس کی حکومت کی جانب سے طیب اردگان کے خط کا متن جاری کیا گیا، جس میں ترک صدر کی جانب سے کہا گیا کہ ’میں طیارہ واقعے میں ہلاک ہونے والے روسی پائلٹ کے اہلخانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور واقعے پر معافی مانگتا ہوں۔‘

مزید پڑھیں: ترکی سے جنگ نہیں ہوگی، روس

روسی صدر کے ترجمان نے رجب طیب اردگان کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ترک صدر دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی مسائل حل کرنے کے لیے روس سے تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

قبل ازیں ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا تھا کہ روس سے تعلقات سے متعلق کئی حوالوں سے پیشرفت ہوئی ہے، لیکن انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024