گوگل کے سی ای او بھی ہیکرز کے شکار
گوگل کے سی ای او سندر پچائی کے کیورا اکاﺅنٹ کو گزشتہ شب ہیک کرلیا گیا اور اس طرح وہ ان مشہور شخصیات کا حصہ بن گئے جن کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کو ایک گروپ 'اورمائن' ہیک کررہا ہے۔
گزشتہ ایک مہینے کے دوران یہ گروپ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ سمیت دیگر افراد کے اکاﺅنٹس ہیک کرچکا ہے۔
سندر پچائی کے اکاﺅنٹ کا ہیک ہونا اس وقت منظرعام پر آیا جب کیورا اکاﺅنٹ پر کی جانے والی پوسٹس گوگل کے سی ای او کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر بھی پوسٹ ہوئیں جس کی وجہ دونوں اکاﺅنٹس کا لنک ہونا تھا۔
تاہم ہیکرز کو سندر پچائی کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ تک پوری رسائی حاصل نہیں ہوسکی اور وہ ہیک ہونے سے بچ گیا تاہم وہ اپنا پیغام لاکھوں افراد تک پہنچانے میں ضرور کامیاب ہوگئے۔
اس گروپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مارک زکربرگ کے مقابلے میں جن کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کولنکڈان کے لیک ڈیٹا کی مدد سے ہیک کیا گیا تھا اور معلوم ہوا تھا کہ ان کا پاس ورڈ بھی بہت آسان تھا، جبکہ گوگل کے سی ای او کے لیے ہیکرز نے کیورا میں موجود ایک کمزوری کو استعمال کیا۔
گروپ کا کہنا تھا کہ وہ اس سیکیورٹی خامی کی تفصیلات کیورا سے شیئر کریں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ گروپ معروف شخصیات اور بڑے ناموں کو ہدف بنانے کے ساتھ ساتھ خود کو ایک ڈیجیٹل سیکیورٹی کمپنی کے طور پر بھی پیش کررہا ہے۔
اس کے لیے وہ مختلف خدمات جیسے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کی کمزوریاں تلاش کرنے میں مدد فراہم کرنا وغیرہ کی پیشکش کرتا ہے جس کے لیے 100 ڈالرز فیس لی جاتی ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔