این ایس جی: چین نے ہندوستان کے خلاف اصولی موقف اپنایا،اعزاز
اسلام آباد: سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں ہندوستان کی شمولیت کی مخالفت چین نے اصولوی بنیادوں پر کی ہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی ) کو اپنے انٹرویو میں اعزاز چوہدری نے چین کو پاکستان کا دیرینہ دوست قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان کی این ایس جی میں شمولیت کے حوالے سے چین نے دیگر ممالک کی طرح اصولی موقف اختیار کیا کہ اگر ہندوستان کو جوہری عدم پھیلائو کے معاہدے (این پی ٹی) پر دستخط کیے بغیر رکنیت دی گئی تو اس سے بری مثال قائم ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: جوہری کلب میں شمولیت کا ہندوستانی خواب شرمندہ تعبیرنہ ہوسکا
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی این ایس جی میں شمولیت کی مخالفت کرنے والے ممالک کی طویل فہرست ہے جن سے پاکستان رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سیئول میں این ایس جی کے اجلاس میں ان ممالک سے بات کی اور ہمیں خوشی ہے کہ سچ کی فتح ہوئی۔
مزید پڑھیں: این ایس جی میں شمولیت: ہندوستان کا سب سے بڑا مخالف چین
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے دو بنیادوں پر اپنا کیس این ایس جی کے سامنے رکھا، پہلا یہ کہ ہندوستان کو رکنیت دینے سے خطے میں اسٹریٹیجک عدم توازن پیدا ہوجائے گا۔
اعزاز چوہدری نے کہا کہ ہمارا دوسرا نقطہ یہ ہے کہ جب 2008 میں ہندوستان کو استثنیٰ دیا گیا تو اس نے اپنے جوہری ذخائر میں اضافہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:'پاکستان صرف ہندوستان کی این ایس جی رکینت کا مخالف'
انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ ہندوستان اپنے ہاں تیار کردہ جوہری مواد کو عسکری مقاصد کے لئے استعمال کررہا ہے جبکہ سول مقاصد کیلئے دوسرے ممالک سے مواد حاصل کررہا ہے۔
اعزاز چوہدری نے کہا کہ ہمارے ان نقطوں نے دنیا نے نہ صرف تسلیم کیا بلکہ سراہا۔
انہوں نے کہا کہ این ایس جی کا معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ پاکستان اس معاملے کو اٹھاتا رہے گا کیوں کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری قوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا جوہری سیکیورٹی کا نظام ایسا ہے کہ دہشتگردی کی لہر میں بھی یہ محفوظ رہا، ہمارا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرلائزڈ ہے اور اس کی سربراہی خود وزیر اعظم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ جوہری مواد کی برآمد پر کنٹرول کی بات کریں تو 2004 سے تیار ہماری فہرست این ایس سے سے مطابقت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان دونوں ہی این ایس جی کی رکنیت کے خواہاں ہیں اور دونوں ہی نے این پی ٹی پر دستخط نہیں کیے ہیں۔
این ایس جی 48 ممالک کا ایک گروپ ہے جس کا مقصد جوہری ہتھیاروں کا تحفظ اور اسے غلط ہاتھوں میں جانے سے بچانے کیلئے کوششیں کرنا ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔